پشاور بس ریپڈ ٹرانزٹ (بی آر ٹی) کیلئے چین سے درآمد شدہ 30 نئی بسیں آج سے آپریشنل روٹ پر چلادی گئیں.
ترجمان بی آر ٹی کے مطابق 18 میٹرکی 30 نئی بسیں ایکسپریس روٹ پر چلادی گئی ہیں۔ مسافروں کو مزید سہولت دینے کیلئے نئی بسیں بی آر ٹی فلیٹ میں شامل کی گئی ہیں۔
ترجمان کے مطابق بی آرٹی میں آپریشنل بسوں کی مجموعی تعداد 158 ہوگئی۔ ماسک کے بغیر کسی بھی مسافر کو بی آرٹی بسوں میں سفر کی اجازت نہیں ہوگی۔
مزید پڑھیں: بی آر ٹی کی سائیکل سروس کا افتتاح
خیال رہے کہ اپریل میں بی آر ٹی کے مال آف حیات آباد اسٹیشن نمبر 25 کی سیلنگ تیز ہوا کے باعث اکھڑ گئی تھی جب کہ الیکٹریکل سائن بورڈز کو بھی شدید نقصان پہنچا تھا۔
پشاور میں بی آر ٹی بس سروس کو اکثر مسائل کا سامنا رہتا ہے۔ قبل ازیں بی آر ٹی بس صدراسٹیشن پراچانک بند ہو گئی تھی۔
بس کے دروازے بھی نہ کھل سکے اور مسافر انتظامیہ کو آوازیں دیتے رہے۔ بس اسٹارٹ نہ ہونے پر مسافروں کو اتار دیا گیا تھا۔
اس سے قبل بی آر ٹی بس چلتے چلتے ایک بار پھر جواب دے گئی تھی اور بورڈ بازارکے قریب خراب ہو گئی تھی۔
بی آر ٹی بس میں خرابی کے باعث مسافروں کو اتار کردوسری بس میں سوار کیا گیا تھا اور خراب بس کوکرین کے ذریعے چمکنی ڈپو منتقل کر دیا گیا تھا۔
گزشتہ برس دسمبر میں بی آر ٹی بس چلتے چلتے تہکال اسٹیشن کے قریب رک گئی تھی جس کے سبب سروس جزوی طور پر معطل ہوگئی تھی۔