اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہمارا خاندانی نظام سب سے بڑی طاقت ہے جو ہمیں تحفظ مہیا کرتا ہے۔
ہم نیوز نیٹ ورک کے لیے حمزہ علی عباسی کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے معاشرے کی بڑی طاقت اللہ اور آخرت پر یقین ہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مغرب میں بہت زبردست فلاحی نظام ہے، وہاں غریب آدمی کے لئے علاج ، لیگل ایڈ اور بے روزگاری الاؤنس کی سہولت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاپ اسٹارز نے ڈرگ کو فیشن بنا دیا ہے۔ پاپ سٹارڈرگز استعمال کرنے لگے تو نوجوان نسل نے سمجھا یہ برائی نہیں جس کے بعد وہ بھی اسے استعمال کرنے لگی۔
عمران خان کا مشن پورے ملک کی ترقی ہے، اسد عمر
وزیراعظم نے کہا کہ معاشرے کی برائی کو اچھائی بنا کر پیش کیا جائے تو وہ پھیل جاتی ہے، اسطرح وہاں برائی پھیلی اور خاندانی نظام تباہی کی طرف گیا۔
انہوں نے کہا کہ ہالی ووڈ میں آنے والی تبدیلی 10سال بعد بالی ووڈ پہنچ جاتی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں علامہ اقبال جیسے جینئیس مائنڈ کی تعلیمات کی طرف جانا ہوگا، ہمارے پاس دو راستے ہیں، اچھائی یا برائی کا راستہ، گلیمر ہمیں مرغوب تو ہوتا ہے مگر اسکے پیچھے جاکر دیکھیں تو وہ تباہی ہے۔
عمران خان نے کہا کہ ڈرگز اور نشے وغیرہ سے عارضی خوشی یا اطمینان ہوتا ہے تاہم دائمی خوشی آپ کو روحانیت سے میسر آ سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اندر کی خوشی اور اطمینان اللہ کی طرف سے آتا ہے اسے آپ بیان نہیں کر سکتے۔

