اسلام آباد: کورونا کیسز سامنے آنے پر 3 یونیورسٹیوں کے مختلف شعبے سیل

اسلام آباد: 2 یونیورسٹیوں میں کورونا کیسز آنے پر مختلف شعبے سیل

فائل فوٹو


اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی 3 یونیورسٹیوں میں کورونا کیسز سامنے آنے پر ضلعی انتظامیہ نے متعلقہ شعبوں اور کلاسز کو سیل کرنے کا مراسلہ جاری کردیا۔

ڈستڑکٹ ہیلتھ آفیسر اسلام آباد ضعیم ضیا کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق نمل  یونیورسٹی میں کورونا کے 7 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ نمل یونیورسٹی کے شعبہ مینجمنٹ سائنسز میں دو، شعبہ کمپیوٹر سائنسز، انٹرنیشنل ریلنشز، بی بی اے، انگلش اور پی آر او آفس میں ایک ایک کیسز سامنے آنے کے بعد متعلقہ شعبوں کو بند کرنے کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔

ڈی ایچ او ضعیم ضیا نے اسلام آباد کی دو نجی یونیورسٹیوں میں مجموعی طور پر سات کیسز سامنے آنے کے بعد دوںوں جامعات کے متعلقہ شعبوں اور کلاس کو سیل کرنے کے احکامات جاری کردیے ہیں۔

اسلام آباد ضلعی انتطامیہ کے مطابق آج وفاقی دارالحکومت میں مجموعی طور پر 335 کورونا کے کیسز سامنے آئے ہیں۔ اسلام آباد میں کورونا سے مزید پانچ مریض بھی چل بسے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد میں کورونا وائرس کے 12 نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد ضلعی انتظامیہ نے یونیورسٹی کو دوسری مرتبہ سیل کردیا تھا۔

جاری نوٹیفکیشن کے مطابق انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد کو 14 روز کے لیے بند کیا گیا ہے۔ دوران بندش 14 دن کلاسز آن لائن ہوں گی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق صرف ضروری اسٹاف کو یونیورسٹی کے اندر آنے کی اجازت ہوگی۔ اسٹاف کے لیے ڈیپارٹمنٹ کے ہیڈ سے اجازت لینا لازمی  ہوگا۔ یونیورسٹی کے اندراور حدود میں ڈس انفیکشن کا عمل بھی ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: سندھ: کورونا، گاڑی میں دو سے زائد افراد کے سفر پر پابندی عائد

اس سے قبل کورونا کیسز سامنے آنے کے بعد ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (ڈی ایچ او) اسلام آباد ضعیم ضیاء نے یونیورسٹی کو  سیل کرنے کا مراسلہ جاری کیا تھا۔ اس سے قبل ضلعی انتظامیہ نے 27 اکتوبر کو یونیورسٹی کو سیل کیا تھا۔

دوسری جانب صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں واقع کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے پانچ طلبا و طالبات میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر (وی سی) ڈاکٹر خالد کا کہنا ہے کہ ہمارے پاس مجموعی طور پر ساڑھے4 ہزار طالب علم ہیں، جن پانچ طلبا کے ٹیسٹ مثبت آئے ان میں سے 4 میں بظاہر علامات نہیں ہیں۔

ڈاکٹر خالد نے کہا کہ کورونا ٹیسٹ مثبت آنے والے طلبا کو گھر میں قرنطینہ کر دیا گیا ہے جب کہ ایک طالب علم جس میں علامات ظاہر ہوئی ہیں اسے اسپتال میں زیر علاج رکھا گیا ہے۔

وی سی کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کا مزید کہنا تھا کہ آج سے تمام کلاسز آن لائن کرچکے ہیں۔

گزشتہ روز انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد میں کورونا وائرس کے 12 نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد یونیورسٹی کو دوسری مرتبہ سیل کردیا گیا تھا۔


متعلقہ خبریں