لاہور: مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکومت ہر سوال کے جواب میں کہتی ہے این آر او نہیں دیں گے، وزیراعظم بتائیں کس قانون کے تحت این آر او دے سکتے ہیں؟
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ غداری کا مقدمہ عمران خان کے کہنے پر بنایا گیا، قوم کو بتائیں بائیس سال کیا مہنگائی کی تیاری کی؟ حکومت سیاسی انتقام لے رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم میں کوئی اختلاف نہیں،پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت اب بچ نہیں سکے گی۔
ٹیم اے کو گرفتار کیا گیا تو ٹیم بی موجود ہے، احسن اقبال
ان کا کہنا تھا کہ حکومت اپوزیشن کے خلاف انتقامی کارروائیاں کر رہی ہے، قومی اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر کو گرفتار کر لیا گیا ہے جب کہ ملک کی سب سے بڑی صوبائی اسمبلی کا اپوزیشن لیڈر16 ماہ سے جیل میں ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ یہ سمجھتے ہیں اس طرح کرنے سے حکومت بچ جائے گی۔
رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے اپنی نااہلی سے معیشت کا بیڑا غرق کر دیا ، مسلم لیگ ن کے دور میں آٹا 34 روپے کلو مل رہا تھا جب کہ نئے پاکستان میں آٹے کی قیمت 80 روپے کلو ہو گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ن لیگ دور میں چینی کی قیمت 52 روپے فی کلو تھی، پی ٹی آئی کی حکومت میں چینی 100 روپے فی کلو زائد سے مل رہی ہے۔