اسلام آباد: کورونا وبا کے باعث پاکستان میں بند تعلیمی ادارے چھ ماہ بعد کل سے کھلیں گے۔
میٹرک اور انٹر کی کلاسز کا آغاز ہوگا، چھٹی سے آٹھویں تک کی کلاسز 23 ستمبر سے شروع ہوں گی جبکہ پرائمری کلاسز کا آغاز 30 ستمبر سے ہو گا۔
دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے والدین اور اسکولوں کیلئے ایس او پیز جاری کر دیے ہیں۔ این سی او سی نے بچوں کو ماسک پہنا کر اسکول بھیجنے کی ہدایت کردی ہے۔
این سی او سی کا کہنا ہے کہ بیمار بچوں کو اسکول نہ بھیجیں۔ بچوں میں کھانسی یا بیماری کی علامات ظاہر ہونے کی صورت میں اسکول ہر گز نہ بھیجیں۔ طبیعت زیادہ خراب ہو تو ٹیسٹ کرائیں، کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر فوری اسکول انتظامیہ کو آگاہ کریں۔
این سی او سی کا مزید کہنا ہے کہ کسی بھی شخص کو درجہ حرارت چیک کیے بغیر اداروں میں داخل نہ ہونے دیا جائے۔ بچے ہاتھ نہ ملائیں اور اسکول میں جھولے بھی نہ جھولیں، ہر طرح کی انڈور گیمز یا مقابلوں پر پابندی ہو گی۔
مزید پڑھیں: پنجاب حکومت نے تعلیمی ادارے کھولنے کا شیڈول جاری کر دیا
این سی او سی نے کہا ہے کہ بچوں کو وین میں بٹھاتے وقت تسلی کریں کہ گاڑی میں سوار دوسرے بچوں نے فیس ماسک پہنے ہوں۔
گزشتہ روز سندھ حکومت نے تعلیمی ادارے کھولنے کے فیصلے پر وفاق سے نظر ثانی کی اپیل کر دی تھی۔
سندھ حکومت کے ترجمان مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومت اسکول اور پرائمری سیکشن کھولنے کے فیصلے پر نظرثانی کریں۔
انہوں نے کہا ہے کہ صورتحال غیریقینی ہے، بچے ایس او پیز پر عمل نہیں کر پائیں گے۔
خیال رہے کہ 7 ستمبر کو وفاقی حکومت نے ملک بھر میں کورونا وائرس کے باعث بند تعلیمی ادارے 15 ستمبر سے کھولنے کا حتمی اعلان کیا تھا۔
اسلام آباد میں معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا تھا کہ نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر نے تعلیمی ادارے کھولنے کی حتمی منظوری دے دی ہے۔