اسلام آباد: انرجی کمیٹی نے ناقص کارکردگی کے حامل پاور پلانٹس مرحلہ وار بند کرنے کی تجویز منطور کرلی ہے۔
ہم نیوز کے مطابق اس بات کا فیصلہ وفاقی وزیر اسد عمر کی زیر صدارت منعقدہ کابینہ کی انرجی کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں پاور ڈویژن کی جانب سے کم اور ناقص کارکردگی کے حامل پاور پلانٹس بند کرنے کی تجویز پیش کی گئی جس پر غورہوا۔
اجلاس میں پاور ڈویژن کو مجوزہ پاور پلانٹس بند کرنے کا شیڈول فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی گئی۔ اجلاس میں 3 آر ایل این جی پلانٹس پر 66 فیصد کمٹمنٹ چارجز معاف کرنے کی تجویز پر بھی غور و خوص ہوا۔
ہم نیوز کے مطابق کمیٹی کی متعلقہ وزارتوں کو اس تجویز پر مزید بات چیت کرکے سفارشات لانے کی ہدایت کی گئی۔
وفاقی وزیر اسد عمر کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں بجلی اور گیس سیکٹر کو بلا تعطل طلب اور فراہمی کے حوالے سے اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی۔