راولپنڈی: راولپنڈی میں 9 افراد کے قتل میں ملوث مرکزی ملزمان سمیت مزید 4 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔
سی پی او راولپنڈی کے مطابق گرفتار مرکزی ملزمان میں ربنواز کے 2 بیٹے دانش اور اکرام شامل ہیں جبکہ گرفتار مرکزی ملزم نے اعتراف جرم بھی کر لیا ہے۔
گرفتار ملزمان میں ربنواز کے بھائی اشرف اور بھتیجے عاقب کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق گرفتار مرکزی ملزم دانش نے خواتین اور بچوں کو قتل کرنے کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ ماں کے قتل کا بدلہ لینے کے لیے خواتین اور بچوں کو قتل کیا۔
پولیس کے مطابق نامزد ملزمان میں سے 6 ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے جبکہ مرکزی ملزم ربنواز اور اس کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
دو روز قبل راولپنڈی کے میال گاؤں میں دو گروپوں میں ہولناک تصادم کے نتیجہ میں 5 خواتین اور 4 بچے جاں بحق جبکہ تین بچے زخمی ہوئے تھے۔
ترجمان راولپنڈی پولیس نے کہا تھا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق فائرنگ کا واقعہ اظہر، نذر اور امتیاز گروپ اور رب نواز گروپ کے مابین پیش آیا۔
ترجمان کے مطابق ابتدائی تحقیقات کے مطابق وجہ تنازعہ چند روز قبل میال گاؤں میں خاتون کا قتل اور دیرینہ دشمنی کا تھا۔
یہ بھی پڑھیں وزیراعلیٰ پنجاب کا راولپنڈی میں بیٹے کے ماں پر تشدد کے واقعہ کا نوٹس
گزشتہ روز تھانہ چونترہ میں واقعے کا مقدمہ نذرعباس ولد شیر احمد کی مدعیت میں درج کیا گیا۔ جس میں دہشتگردی اور اقدام قتل سمیت سنگین جرائم کی دفعات شامل کی گئیں۔
پولیس کے مطابق مقدمے میں مرکزی ملزم ربنواز اور دانش سمیت 10 افراد نامزد کیے گئے ہیں۔ مقدمے کے مطابق ملزم نے 2 گھروں میں داخل ہوکر 5 خواتین اور 4 بچوں کو قتل کیا۔ تین افراد فائرنگ سے زخمی بھی ہوئے۔
ایس ایس پی آپریشنز کے مطابق گزشتہ روز رات گئے پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران دو ملزمان کو اسلحہ سمیت گرفتار کر لیا تھا۔