مویشی منڈیوں کے اوقات کار صبح 6 سے شام7بجے تک ہوں گے



اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر(این سی او سی) کے اجلاس میں مویشی منڈیوں کے اوقات کار صبح 6 سے شام7بجے تک طے کیے گئے ہیں۔

وفاقی وزیرمنصوبہ بندی و ترقی اسد عمر کی زیرصدارت این سی او سی کا اجلاس لاہور میں ہوا جس میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور صوبائی چیف سیکریٹریز نےویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

انہوں نے اجلاس کے شرکا کو بتایا کہ مویشی منڈیوں کے داخلی راستوں پر ا سکرینگ کی جائے گی۔ ملک بھر میں 700مویشی منڈیاں قائم کی گئی ہیں اور ان میں مزید اضافہ کیا جائے گا۔

اسد عمر کا کہنا تھا کہ دیہاتوں اور شہروں کے درمیان مویشیوں اور افراد کی نقل و حرکت سے کورونا پھیلنے کا خدشہ ہے۔ کورونا کا پھیلاؤ روکنے کے لیے مویشی منڈیوں کا بہتر نظم و نسق ناگزیر ہے۔

یہ بھی پڑھیں:لاہور میں مویشی منڈیاں شہر سے باہر لگائی جائیں گی

وفاقی وزیر نے ہدایت کی کہ شہر کے اندر کسی کو مویشی منڈی لگانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے شرکا کو بتایا کہ  تمام متعلقہ افراد کو ایس او پیز فراہم کر دی گئی ہیں اور ان پر عملدرآمد کروانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

اسد عمر کا کہنا تھا کہ مویشی منڈیوں میں ماسک کے استعمال اور سماجی فاصلوں کو ہر حال میں یقینی بنایا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ اسمارٹ لاک ڈاوَن کے ذریعے 3 لاکھ افراد کو کورونا سے بچایا گیا ہے اور این سی او سی نے 3 شہروں میں کورونا کے تیزی سے پھیلاوَ کی نشاندہی کی۔

حکومت کی طرف سےبروقت اقدامات سے کورونا کے زیادہ پھیلاؤ کو روکا گیا اور اس وقت ملک بھر میں 321 مقامات پر ا سمارٹ لاک ڈاؤن جاری ہے۔

وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے کورونا سے نمٹنے کےلیے این سی او سی کی غیر معمولی کوششیں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وفاق، صوبائی حکومتوں، سول انتظامیہ اور سیکیورٹی فورسز نے بہت عمدہ کام کیا۔ ہاٹ اسپاٹ کی نشاندہی اور این سی او سی کی اسمارٹ لاک ڈاؤن حکمت عملی نےمثبت نتائج دئیے ہیں۔


متعلقہ خبریں