خیبرپختونخوا اسمبلی کے ایک تہائی اراکین کو نااہل قرار دیا جائے گا،بابر اعوان

حکومت کا اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ رابطے جاری رکھنے کا فیصلہ

اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بابر اعوان نے کہا ہے کہ ایک تہائی اراکین خیبرپختونخوا اسمبلی کو نااہل قرار دیا جائے گا۔

سپریم کورٹ کے باہرانہوں نےذرائع ابلاغ (میڈیا) سے بات چیت کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ الیکشن کمیشن بھی انہیں نااہل قرار دے سکتا ہے۔

ممتاز قانوندان بابر اعوان نے کہا کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے تاریخ ساز اقدام اٹھایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کرپشن کے خلاف عمران خان نے تو ایکشن لے لیا لیکن اب سوال یہ ہے کہ باقی کب لیں گے؟

سابق وفاقی وزیر قانون بابر اعوان نے دعویٰ کیا کہ پنجاب میں بھی ووٹ خریدے اور بیچے گئے،وہاں بھی ایکشن لیں۔

سینیٹ کے حوالے سےان کا کہنا تھا کہ اب وہاں اقتدار اور اپوزیشن (حزب اختلاف) میں ایک ہی لوگ ہیں۔

عمران خان نے گزشتہ روز پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے تسلیم کیا تھا کہ خیبرپختونخوا اسمبلی کے اراکین کی سینیٹ الیکشن میں خرید و فروخت ہوئی۔

پی ٹی آئی کی جانب سے ابتدائی تحقیق کے بعد 20 اراکین اسمبلی کو شوکاز(اظہار وجوہ)نوٹسز جاری کئے گئے ہیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا ہےکہ جن اراکین اسمبلی کو شوکاز نوٹسز جاری کئے گئے ہیں وہ جواب سے مطمئن نہ کرسکے تو انہیں پارٹی سے نکال دیا جائےگا۔

عمران خان نے سینیٹ الیکشن کے دوران ہارس ٹریڈنگ میں ملوث پائے جانے والے اراکین اسمبلی کے نام نیب کو بھیجنے کا بھی عندیہ دیا ہے۔

خیبرپختونخوا اسمبلی 124 اراکین پر مشتمل ہے جس میں سے 99 براہ راست انتخابی عمل کے ذریعے منتخب کئے جاتے ہیں۔

کے پی اسمبلی میں خواتین کی 22 مخصوص نشستیں ہیں جبکہ تین نشستیں اقلیتوں کے لئے مختص ہیں۔


متعلقہ خبریں