عارف والا کامشہور بان

عارف والا کامشہور بان

فوٹو: ہم نیوز


(محمد اعظم  رپورٹرہم نیوز عارف والا) پنجاب کے ضلع پاکپتن کی تحصیل عارف والا  کا چارپائیاں بننے والے بان اپنی انفرادیت اور مضبوطی کے باعث پورے ملک میں مشہور ہے۔

دیہاتوں میں بان سے بنی چارپائی کو شوق سے اپنے گھروں میں سجایا جاتا ہے اور لوگ دور دراز سے مونجھ کا بان خریدنے عارف والا آتے ہیں۔

یہ خاص بان گھاس کی ایک قسم مونجھ کو مختلف مراحل سے گزار کر تیار کیا جاتا ہے۔ کاریگروں کا کہنا ہے کہ مونجھ کا بان بہت مضبوط ہوتا ہے اوراس کی تیاری میں بہت محنت درکار ہوتی ہے۔

مونجھ کی یہ خوبی ہے کہ وہ نواڑ(گھاس کی ایک قسم) کی طرح نرم نہیں ہوتا جس کے باعث چار پائی جلدی ناکارہ نہیں ہوتی۔ یہ بان ٹھنڈا ہوتا ہے اور دھوپ میں جلدی خراب نہیں ہوتا۔

ہم نیوز کے استفسار پر کاریگروں نے بتایا کہ بازار میں دستیاب نائیلون یا پلاسٹک کا بان گرم ہوتا ہے اور اس سے جسم میں بادی بیماریاں پھیلتی ہیں۔ مونجھ یا گھاس کی دیگر اقسام سے تیار کیا گیا بان سخت ہوتا ہے لیکن اس کی سختی کمر درد کی بیماری سے چھٹکارا دیتی ہے۔

آگ کے دھوئیں سے اس کی سختی کو ختم کیا جاتا ہے تاکہ اس سے آسانی کے ساتھ چارپائی کی تیاری ممکن ہو سکے۔

چارپائی کی ادوانی (پائینتی) میں بھی مونجھ سے بنی ہوئی رسی استعمال کی جاتی ہے تاکہ چارپائی ڈھیلی ہونے پر اس کو آسانی سے درست کیا جا سکے۔


متعلقہ خبریں