اسلام آباد: کورونا کیسز میں کمی، سیکٹر جی نائن ٹو اور تھری ڈی سیل


اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی انتظامیہ نے سیکٹر جی نائن 2 اور جی نائن 3 کو ڈی سیل کر دیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات نے اپنی ٹوئٹ میں بتایا ہے کہ جی نائن کے کمرشل علاقوں اورمرکز کو پیر کے روز ڈی سیل کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ 14 روز کے اسمارٹ لاک ڈاؤن سے کورونا کیسز میں 78 فیصد کمی ہوئی ہے تاہم علاقےکی کڑی مانیٹرنگ جاری رہے گی۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز عالمی وبا کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے مزید 4 رہائشی سب سیکٹرز کو سیل کردیا گیا تھا۔

اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق اسلام آباد کےجی سکس ون، ٹو،جی سیون اور جی ٹین فور کو سیل کیا گیا ہے۔

ایس او پیز کی خلاف ورزیاں، 709 مارکیٹیں اور صنعتیں سیل

نوٹیفکیشن کے مطابق شہریوں کو اشیائےخوردونوش اور ضروری اشیا کو رکھنےکی ہدایت کر دی گئی ہے۔ بتایا گیا ہےکہ کریانہ، میڈیکل اسٹور، بیکری اوردودھ کی دکانیں کھلی رہیں گی۔

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے اسلام آباد کے آئی ایٹ کے سیکٹر 3 اور 4 جبکہ آئی ٹین کے سیکٹر ون اور ٹو کو سیل کر دیا گیا تھا۔

اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ کے احکامات کے مطابق ان علاقوں میں پرائیویٹ دفاتر اور پارکس بند رہیں گے، شہریوں کے لیے گھر سے باہر جانا ضروری ہو تو شناختی کارڈ ساتھ لازمی رکھا جائے۔


متعلقہ خبریں