پشاور: خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات اجمل وزیر نے کہا ہے کہ سندھ حکومت نے راشن کس طرح تقسیم کیا وہ سب کو معلوم ہے۔
خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات اجمل وزیر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم ایس او پیز پر عملدر آمد کو یقینی بنا رہے ہیں جبکہ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر دکانداروں اور ٹرانسپورٹرز کے خلاف کارروائیاں کی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر متعدد دکانوں اور مارکیٹوں کو جرمانے کیے گئے ہیں۔ صوبے میں پٹرول کی قلت پر وزیراعلیٰ کا وفاق سے رابطہ ہے۔
اجمل وزیر نے وزیر اعلیٰ سندھ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت کا این سی سی میں مؤقف کچھ اور باہر کچھ ہوتا ہے۔ وزیر اعظم نے جتنے بھی فیصلے کیے صوبوں کی مشاورت سے ہی کیے جبکہ این سی سی میں سب سے پہلے اور زیادہ وقت وزیر اعلیٰ سندھ لیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت اور پیپلز پارٹی قیادت حقیقت پسندانہ رویہ اپنائے۔ سندھ کے وزرا کچھ، وزیراعلیٰ کچھ اور بلاول بھٹو کچھ کہتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں مولانا فضل الرحمان نے لوٹی رقم سے کچھ بھی کورونا پر نہیں لگایا، فیاض الحسن
مشیر اطلاعات نے کہا کہ سندھ حکومت نے راش کس طریقے سے تقسیم کیا وہ سب کو پتہ ہے۔ سندھ حکومت اور پیپلز پارٹی قیادت اپنے اقدامات سے پہلے عوام کو آگاہ کرے۔
انہوں نے کہا کہ ہم این سی سی کے فیصلوں پر عملدرآمد کر کے آگے بڑھتے ہیں۔ گائیڈ لائن کے تحت کے پی حکومت نے کچھ بھی نہیں چھپایا جبکہ صوبے میں گندم اور آٹے کا معاملہ وزیر اعظم کے سامنے رکھیں گے۔