آئینی عدالت نے پیٹرولیم کمپنی کو اربوں روپے سبسڈی ادائیگی کا حکم معطل کر دیا۔
آئینی عدالت نے پیٹرولیم بحران کے دوران نجی کمپنیوں کو سبسڈی دینے سے متعلق اہم کیس میں سندھ ہائیکورٹ کا حکم معطل کرتے ہوئے وفاق کی اپیل سماعت کے لیے منظور کرلی۔ عدالت نے فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے سندھ ہائیکورٹ سے دونوں مقدمات کا مکمل ریکارڈ بھی طلب کرلیا۔
سندھ ہائیکورٹ نے نجی کمپنی Go Petroleum (گو پیٹرولیم) کو ایک ہفتے کے اندر اربوں روپے کی سبسڈی ادا کرنے کا حکم دیا تھا جبکہ دوسرے مقدمے میں ایف آئی اے کو تحقیقات پر فیصلہ کرنے سے بھی روک دیا گیا تھا۔
وفاقی حکومت نے پیٹرولیم بحران کے دوران قیمتوں کے فرق کے باعث کمپنیوں کو سبسڈی دینے کا فیصلہ کیا تھا۔ نجی کمپنی گو پیٹرولیم نے حکومت سے تقریباً 14 ارب روپے سبسڈی کا کلیم کیا تھا، دوسری جانب حکومت نے پیٹرولیم فروخت کے اعداد و شمار کی جانچ پڑتال کے لیے ایف آئی اے کو تحقیقات کا حکم دے رکھا تھا۔
کیس کی سماعت امین الدین خان اور علی باقر نجفی پر مشتمل دو رکنی بینچ نے کی۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی۔
