صادق آباد اور ڈی جی خان میں ٹڈی دل کے حملے، فصلیں تباہ

بارکھان میں ایک بار پھر ٹڈی دل کا حملہ

صادق آباد: پنجاب کے علاقے صادق آباد میں ڈیرہ غازی خان میں ٹڈی دل نے حملہ کر کے تیار فصلوں کو تباہ کر دیا۔

صادق آباد میں ٹڈی دَل نے حملہ کر کے کئی ایکڑ پر کھڑی تیار فصلوں کو تباہ کر دیا جس میں کپاس، گنا اور دیگر فصلیں شامل ہیں۔ ٹڈی دَل نے ماہی چوک کچہ، راضی نواز آباد، بھونگ اور بخش آباد میں فصلوں پر حملہ کیا۔

مقامی کسان اپنی مدد آپ کے تحت روایتی طریقوں سے ٹڈی دَل کو بھگانے میں مصروف رہے۔

کاشتکاروں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ نے ٹڈی دَل کے ممکنہ حملے کی اطلاع کے باوجود نوٹس نہیں لیا۔

دوسری جانب ڈیرہ غازی خان (ڈی جی خان) کے مختلف علاقوں میں ٹڈی دَل کے حملے میں سورج مکھی سمیت دیگرفصلیں تباہ ہو گئیں۔

ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت نے کہا ہے کہ کسان ٹڈی دَل کے علاقوں کی نشاندہی کر کے محکمہ زراعت کو آگاہ کریں۔

دو روز قبل پنجاب کے علاقے اوچ شریف میں ٹڈی دَل نے فصلوں اور باغات پر حملہ کر دیا تھا۔

ٹڈی دَل نے اوچ شریف کے علاقوں خرم پور، رسول واہ، فیض واہ، اور مانک نوشہرہ میں باغات کو نقصان پہنچایا جبکہ کاشتکار اپنی مدد آپ کے تحت ٹڈی دَل کو بھگانے میں مصروف رہے۔

کاشتکاروں کا کہنا تھا کہ ٹڈی دَل نے فصلوں اور باغات کو تباہ کر کے رکھ دیا ہے حکومت متاثرہ علاقوں کو آفت زدہ قرار دے کر معاوضہ ادا کرے۔

گزشتہ ہفتے ضلع وہاڑی میں ٹڈی دل نے فصلوں پر حملہ کر دیا تھا جس کے باعث فصلوں کو نقصان پہنچا۔

وہاڑی میں ٹڈی دل کے حملے میں مکئی، کپاس اور چارے کی فصلوں کے علاوہ باغات کو بھی نقصان پہنچا۔

مقامی کسان اپنی مدد آپ کے تحت ٹڈی دَل کو بھگانے میں مصروف ہیں جبکہ متاثرہ کسانوں نے محکمہ زراعت اور حکومت سے مدد کی اپیل کی ہے۔

اس سے قبل ٹڈی دل نے پنجاب کے ضلع جھنگ کے مختلف علاقوں میں حملہ کر کے فصلوں کو نقصان پہنچایا تھا۔

ضلع کے ڈپٹی کمشنر طاہر وٹو کے مطابق متاثرہ علاقوں میں اسپرے کرایا گیا اور زرعی ماہرین نے آپریشن میں معاونت کی۔ محکمہ ذراعت کا کہنا تھا کہ ٹڈی دل کی نقل وحمل کو مانیٹر کیا جا رہا ہے۔

چند روز قبل ٹڈی دل نے لیہ کے نشیبی علاقوں میں کھڑی فصلوں پر حملہ کر دیا تھا۔

ٹڈی دل نے لیہ کے نشیبی علاقوں کا رخ کیا تھا۔ لیہ کے نشیبی علاقے کھوکھر والا، شاہ والا، بیٹ گجی اور بکھری احمد خان میں ٹڈی دَل کے وار جاری ہیں۔ ٹڈی دل کے حملے میں گندم، مرچ  اور ٹماٹر کی فصلیں متاثر ہوئیں۔

کاشتکار اپنی مدد آپ کے تحت ڈھول اور برتن بجا کر ٹڈی کو بھگانے میں مصروف رہے۔

یہ بھی پڑھیں ورلڈ بینک کی ٹڈی دل کے خلاف سندھ حکومت کو تعاون کی یقین دہانی

اس سے قبل بلوچستان کے ضلع بارکھان میں ٹڈی دل کے حملے میں فصلیں تباہ ہو گئیں۔

بارکھان کی فصلوں پر ٹڈی دل کے حملے میں کپاس کی فصل کو شدید نقصان پہنچا تھا جبکہ مرچ، پیاز اور ٹماٹر کی فصلیں بھی تباہ ہوگئیں۔

دو ہفتے قبل سندھ کے ضلع نواب شاہ میں ٹڈی دَل نے فصلوں پر حملہ کر دیا تھا۔ جس کے باعث کپاس، گنا، جوار اور پیاز کی فصل کو نقصان پہنچا۔

نواب شاہ کی تحصیل دوڑ کی یونین کونسل اباوڑی ساوڑی، سھیلو اور سومر جمالی میں ٹڈی دَل نے حملہ کیا تھا۔ جس کی وجہ سے کھڑی فصلوں کو شدید نقصان پہنچا۔


متعلقہ خبریں