اسلام آباد: پاکستانی کرکٹراظہرعلی کا بلا اورٹی شرٹ 21 لاکھ روپے میں نیلام ہوگیا۔
نیلام کے لیے پیش کیے گئے بلے سے اظہرعلی نے 300 رنز اسکور کیے تھے۔
اظہرعلی کی چیمپئنزٹرافی کی فاتح پاکستانی ٹیم کی سائن شدہ شرٹ 11 لاکھ میں نیلام ہوئی۔ کیلی فورنیا کے کاش ویلانی نے شرٹ اور بلیڈ آف گلوری نے بلے کی کامیاب بولی لگائی۔
خیال رہے کہ کرکٹر اظہرعلی نے کورونا سے متاثرہ مستحق افراد میں نیلامی کی رقم تقسیم کرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔
خیال رہے کہ دو روز قبل پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کرکٹرز، میچ آفیشلز، اسکوررز اور گراؤنڈ اسٹاف کی امداد کا فیصلہ کیا تھا۔
پی سی بی کے مطابق قواعد وضوابط پر پورا اترنے والے افراد کو یک وقتی ادائیگی عیدالفطر سے پہلے کر دی جائے گی۔
چیئرمین پی سی بی نے کہا تھا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے کرکٹ کی سرگرمیاں معطل ہیں اور اسٹیک ہولڈرز کا خیال رکھنا بورڈ کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ فرسٹ کلاس کرکٹرز کو 25 ہزار اور میچ آفیشلز کو 15 ہزار روپے دیے جائیں گے جبکہ اسکوررز اور گراؤنڈ اسٹاف کو 10 ،10 ہزار روپے دیے جائیں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آن لائن فٹنس ٹیسٹ کے بعد کرکٹرز کو ویڈیو لنک سے لیکچر دینے کا بھی فیصلہ کیا تھا، جس کے بعد سابق کرکٹرز ویڈیو لنک کے ذریعے موجودہ کھلاڑیوں کو کھیل کے گر سکھا رہے ہیں۔ کھلاڑیوں کو جاوید میانداد، وسیم اکرم، محمد یوسف، یونس خان اور معین خان لیکچر دے رہے ہیں۔
مشتاق احمد، راشد لطیف اور شعیب اختر بھی آن لائن سیشنز میں لیکچر دے رہے ہیں جس میں 45 موجودہ اور ایمرجنگ کرکٹرز شرکت کر رہے ہیں۔
جاوید میانداد، محمد یوسف اور یونس خان 21 بلے بازوں کو تربیت دے رہے ہیں جبکہ وسیم اکرم اور شعیب اختر 13 فاسٹ باؤلرز کو ٹپس بتا رہے ہیں۔ مشتاق احمد 6 اسپنرز کو اپنے تجربات سے آگاہ کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں کورونا متاثرین کی امداد: کپتان اظہرعلی کابلا اور شرٹ نیلامی کیلئے پیش
معین خان اور راشد لطیف 5 وکٹ کیپرز کو آن لائن لیکچرز دیں گے اور ان آن لائن لیکچرز کا آغاز 27 اپریل سے شروع ہوا جس میں پہلا لیکچر جاوید میانداد نے دیا تھا۔
