ریاض: سعودی حکومت نے کورونا وائرس کے پیش نظر مکہ اور مدینہ میں کرفیو کا دورانیہ 24 گھنٹے کر دیا ہے۔
سعودی وزارت داخلہ کے مطابق شہری صرف راشن اور ادویات کی خریداری کے لیے گھروں سے نکل سکیں گے۔
اس سے قبل مکہ اور مدینہ میں سہ پہر 3 بجے سے شام 6 بجے تک کرفیو لگایا گیا تھا۔
خیال رہے کہ سعودی عرب میں کورونا وائرس کے آج مزید 165 کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد ملک میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 1885 ہو گئی ہے۔
سعودی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 5 افراد کورونا وائرس کے باعث جاں بحق ہوئے ہیں،
انہوں نے بتایا کہ سعودی عرب میں کورونا وائرس کے باعث جاں بحق افراد کی تعداد 21 ہو گئی ہے۔