فلپائن میں فضائیہ کے دو تربیتی طیارے دوران پرواز ٹکرانے کے باعث چار پائلٹ ہلاک ہوگئے، حادثے کے بعد فضائیہ نے متعلقہ ماڈل کے تمام تربیتی طیاروں کی پروازیں عارضی طور پر معطل کر دیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق حادثہ فلپائن کے دارالحکومت منیلا کے جنوب میں صوبہ باتانگاس کے فرنینڈو ایئر بیس پر پیش آیا۔ تباہ ہونے والے دونوں طیارے ایس ایف 260 ساختہ تھے۔
فلپائن ایئر فورس کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والے دونوں طیارے ایئر بیس کی حدود میں گر کر تباہ ہوئے جس کے نتیجے میں دونوں طیاروں میں سوار چاروں پائلٹ ہلاک ہو گئے۔ تاہم حادثے میں کسی دوسرے شخص کے ہلاک یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔

مقامی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق دونوں طیارے فضا میں آپس میں ٹکرا گئے تھے، تاہم حکام نے حادثے کی حتمی وجہ کی تصدیق نہیں کی۔
Two Philippine Air Force planes collided during a training flight south of Manila, killing all four pilots.
The SF-260 aircraft crashed at Fernando Air Base on Friday.
The Air Force has grounded its remaining SF-260 fleet pending an investigation. https://t.co/h3GmOAY91e
— Clash Report (@clashreport) October 24, 2026
فلپائنی فضائیہ نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دیں اور تحقیقات مکمل ہونے تک ایس ایف 260 طیاروں کے پورے بیڑے کو گراؤنڈ کر دیا گیا۔ حادثے کی اصل وجہ تحقیقات کے نتائج سامنے آنے کے بعد ہی معلوم ہوسکے گی۔
واضح رہے کہ رواں سال مئی میں بھی فلپائن کے شمالی علاقے میں ایک ایس ایف 260 تربیتی طیارہ پہاڑی علاقے میں گر کر تباہ ہوگیا تھا، جس کے نتیجے میں دو پائلٹ ہلاک ہوئے تھے۔ اس سے قبل 2023 میں بھی اسی نوعیت کے ایک طیارے کو حادثہ پیش آیا تھا، جس میں دو پائلٹ جان سے ہاتھ دو بیٹھے تھے۔
فلپائنی فضائیہ نے 2017 میں جنوبی شہر مراوی میں اسلامک اسٹیٹ سے وابستہ شدت پسندوں کے خلاف کئی ماہ جاری رہنے والی فضائی کارروائیوں میں بھی ایس ایف 260 طیارے استعمال کیے تھے۔



