کورونا وائرس: قومی سلامتی کمیٹی کا اہم اجلاس آج ہوگا


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی زیرِصدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس آج ہو گا جس میں کورونا سے نمٹنے کے لئے اہم فیصلے کئے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا کہ اجلاس میں شرکت کے لیے وزرائے اعلیٰ اور دیگر اعلیٰ حکام کو آگاہ کر دیا گیا ہے جبکہ مسلح افواج کے سربراہان بھی اجلاس میں شریک ہوں گے۔

مزید پڑھیں: کوروناوائرس سے4979 افراد ہلاک، چین کا امریکہ پر حیاتیاتی حملے کا الزام

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کچھ دیر میں اجلاس میں شرکت کے لیے اسلام آباد روانہ ہوں گے۔

یاد رہے کہ  کورونا سےمتعلق اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ نے تجویز پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں اپنی سرحدیں بند کر دینی چاہیے۔

انہوں  نے کہا کہ واحد سندھ میں ہم کورونا وائرس کےخطرے سے لڑ رہے ہیں، میں شدید پریشان ہوں کہ اس کا سدباب کس طرح کریں۔

انہوں نے کہا کہ قرنطینہ کا کام وفاقی حکومت کا ہے جو نہیں ہو رہا، مجھے نہیں لگ رہا کہ ان کی قومی سطح پر کوئی تیاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبےبتا رہے ہیں کہ ہم نے یہ تیاری کی ہے لیکن قومی سطح سے کوئی رہنمائی نہیں ملی۔

یہ بھی پڑھیں:کورونا وائرس کو عالمی وبا قرار دے دیا گیا

ان کا کہنا تھا کہ ایئرپورٹ پروفاقی حکومت کوانتظام کرنے ہیں وہ نہیں ہو رہے، تفتان پر لوگ گروپس میں رکھے گئے ہیں، جس کو ہم قرنطینہ نہیں کہہ سکتے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ اٹلی میں لاک ڈاؤن کیا گیا ہے لیکن ہمیں پتہ نہیں کہ وہاں  سےکتنےلوگ آئےہیں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں کیسز ظاہر ہونےکی وجہ یہ ہے کہ ہم زائرین کےٹیسٹ کروا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اسکول سوائےبلوچستان کے سب نے کھولے ہوئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر ظفرمرزاکامیں شکر گزار ہوں جو ہمیشہ رابطے پر موجود ہوتے ہیں، ہمیں اپنے طبی ماہرین کو بھی محفوظ رکھنا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہزاروں کی تعداد میں لوگ ائیرپورٹ پرآتےہیں، کیسےممکن ہے کہ کسی کو نزلہ یا بخار تشخیص نہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنےاپنےانتظامات کا دوبارہ قومی سطح پرجائزہ لیناہو گا تاکہ اس وائرس کےخطرے سے نمٹ سکیں۔


متعلقہ خبریں