شاہد خاقان عباسی کا بیان اعتراف جرم ہے، فردوس عاشق اعوان

فوٹو: فائل


اسلام آباد: وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کے مطابق شاہد خاقان عباسی کا یہ بیان کہ “ماضی کے ماڈل ملکی مسائل حل نہ کر سکے نئے راستے تلاش کرنے کی ضرورت ہے” اعتراف جرم ہے۔

فردوس عوان نے ٹویٹ کیا کہ تین دہائیوں سے قوم پر مسلط رہنے والے آج قوم کے سامنے اپنی ناکامیوں کو قبول رہے ہیں۔ پاکستان کے عوام عمران خان کو وزیراعظم منتخب کرکے نیا راستہ تلاش کر چکے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام 2خاندانوں کی موروثی وسیاسی ماڈل سے بیزار ہیں۔ عوام کی دہائی ہے کہ اب یہ خاندان دوبارہ مسلط نہ ہوں۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ٹویٹ کیا کہ آج جمہوریت کی باتیں کرنے والے اپنے دور میں آئینی ترمیم کرکے بادشاہ سلامت بننے کی کوشش کرتے رہے۔

انہوں نے کہا کہ “کمپنی سیاست” میں تمام شیئرز خاندان ہی کے پاس رہتے ہیں۔  ان کی جمہوریت یہ تھی کہ بڑا بھائی خود وزیراعظم، چھوٹا وزیراعلی، بھتیجا سب سے بڑے صوبے کا مختاراعلی اور صاحبزادی “سوپروزیراعظم” کا درجہ رکھتی تھیں۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی نے کہا کہ عمران خان عوام کے وہ مقبول رہنما ہے جنھوں نے حقیقی عوامی راج قائم کیا۔


متعلقہ خبریں