بھارتی مسلمانوں کیلئے آواز اٹھانے پر وزیراعظم کا خامنہ ای، اردوان کا شکریہ


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے مظالم کا شکار بھارتی مسلمانوں کے حق میں آواز اٹھانے پر ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامہ ای اور ترک صدر رجب طیب اردوان کا شکریہ ادا  کیا ہے۔

اپنے ایک ٹوئٹ میں وزیراعظم عمران نے کہا کہ دونوں سربراہان نے بھارت میں مسلمانون کے قتل عام اور کشمیریوں پر مظالم کے خلاف زبردست آواز اٹھائی ہے۔

عمران خان  نے کہا کہ افسوس سے مسلم ممالک کی طرف سے کچھ آوازیں اس کی مذمت کر رہی ہیں، جبکہ مغرب میں ہندو بالادست مودی حکومت کی جانب سے بھارتی مسلمانوں اور کشمیریوں کے قتل عام کے خلاف آوازیں اٹھ رہی ہیں اور اس کی مذمت کی جارہی ہے۔

اس سے قبل ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا کہ ہندوستان میں مسلمانوں کے قتل عام پر پوری دنیا کے مسلمانوں کے دل غمزدہ ہیں۔ بھارت حکومت  عالم اسلام سے ہندوستان کی تنہائی کو روکنے کے لیے انتہا پسند ہندوؤں اور ان کی جماعتوں کے ہاتھوں مسلمانوں کا قتل عام بند کرانے کے لیے آگے آئے۔

یہ بھی پڑھیں: دہلی فسادات میں 34 افراد ہلاک، سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کا اظہار تشویش

خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں ہندو بلوائیوں کے ہاتھوں 39 مسلمان ہلاک ہو گئے تھے جبکہ مودی حکومت خاموش تماشائی بنی رہی۔

ہندوبلوائیوں نے پولیس کی مدد سے مسلمانوں کے گھر نذرآتش کر دیے تھے اور وہ بے بسی کے عالم میں اپنی جان بچ جانے کے کسی معجزے کا انتظار کر رہے تھے۔


متعلقہ خبریں