مگر مچھ، سانپ پالنے کا کیس، رابی پیرزادہ نے بریت کی درخواست دائر کردی


لاہور:  گلوکارہ رابی پیزاہ نے غیرقانونی طور پر مگر مچھ اور سانپ پالنے کے کیس میں عدالت میں بریت کی درخواست دائر کردی۔

گلوکارہ رابی پیرزادہ کے وکیل نے ماڈل ٹاؤن کچہری کی عدالت میں مقدمہ میں بریت کی درخواست دائر کردی ہے۔

جوڈیشل مجسٹریٹ ہارث صدیقی نے کیس پر سماعت شروع کی تو رابی پییرزادہ کے وکیل نے کہا کہ ان کے مؤکل کا اس مقدمہ میں کوئی کردار نہیں ہے۔

مزید پڑھیں: اژدھے، مگر مچھ اورسانپ رکھنے پرگلوکارہ رابی پیر زادہ کا چالان

وکیل رابی پیرزادہ نے مؤقف اختیار کیا کہ محکمہ وائلڈ لائف پنجاب نے کارروائی پہلے شروع کی اور سرچ وارنٹ بعد میں لیے۔ محکمہ وائلڈ لائف نے ذاتی رنجش کی بنیاد پر رابی پیرزادہ کو مقدمہ میں ملوث کیا۔ عدالت مقدمہ میں رابی پیرزادہ کو بری کرنے کا حکم دے۔

رابی پیرزادہ کے وکیل بیرسٹر حسن خالد رانجھا نے عدالت میں اپنے مؤکل  کی حاضری سے استثناء کی درخواست بھی دائر کردی

وکیل نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ رابی پیرزادہ کی جان کو خطرہ ہے وہ عدالت میں پیش نہیں ہوسکتیں۔ رابی پیرزادہ کو مسلسل دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔

خیال رہے کہ 13 ستمبر 2019 کو غیر قانونی طور پر سانپ رکھنے کے الزام میں اداکارہ کے خلاف  محکمہ جنگلی حیات نے کارروائی کرتے ہوئے ان کے خلاف چالان  مقامی عدالت میں پیش کردیا تھا۔

مزید پڑھیں: مگر مچھ، اژدھا رکھنے کا الزام: رابی پیرزادہ کے وارنٹ منسوخ

محکمہ جنگلی حیات پنجاب نے رابی پیرزادہ پر الزام عائد کیاہے کہ انہوں نے  مگر مچھ، سانپ اور دیگر ریپٹائلز رکھے ہوئے ہیں جوکہ  وائلڈلائف ایکٹ کی خلاف ورزی ہے۔  تاہم گلوکارہ رابی محکمہ جنگلات کی جانب سے لگائے گئے ان الزامات کی تردید کررہی ہیں۔

محکمہ وائلڈ لائف حکام نے 11 ستمبر کو اداکارہ کا چالان کیا تھا، ان پر غیر قانونی طور پر اژدھا، مگرمچھ اور سانپ رکھنے کا الزام  تھا۔ محکمہ وائلڈ لائف نے اداکارہ کی اژدھا اور مگرمچھ کے ساتھ ویڈیو اور تصاویر دیکھ کر چالان کیا تھا۔


متعلقہ خبریں