لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ عوام کا پیسہ عوام پر خرچ اور ہوگا کسی کو کھانے نہیں دوں گی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پنجاب میں کرپشن کے لیے کوئی گنجائش، پناہ یا رعایت نہیں ہے جبکہ کرپشن اور رشوت کے خلاف زیرو ٹالرنس کا حکم دے دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کرپشن کی نشاندہی کے لیے خصوصی خفیہ سیل قائم کر دیا گیا ہے اور خفیہ سیل کی رپورٹ براہ راست مجھے دی جا رہی ہے۔ عوام کی شکایات کے لیے ہیلپ لائن 1350 بھی قائم ہے۔
مریم نواز نے شکایات کے حوالے سے واضح کیا کہ شکایت کنندہ کا نام خفیہ رکھا جائے گا اور ہر شکایت پر کارروائی ہو گی۔ عہدہ، تعلق یا سفارش کسی کو نہیں بچا سکے گی۔
انہوں نے کہا کہ لوٹی ہوئی رقم کی مکمل ریکوری تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔ عوام کا پیسہ صرف عوام پر خرچ ہو گا اور کسی کو کھانے نہیں دوں گی۔
دوسری جانب وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے طلبہ کے لیے سی ایم الیکٹرک بائیک اسکیم میں ڈاؤن پیمنٹ وصول نہ کرنے کی ہدایت کر دی، جبکہ ماہانہ قسط کے علاوہ دیگر واجبات عائد کرنے کی سفارشات بھی مسترد کر دیں۔
حکومت پنجاب طلبہ کو فراہم کی جانے والی ای بائیکس پر انٹرسٹ اور انشورنس کی رقم خود ادا کرے گی، طلبہ کے لیے ماہانہ تقریباً 3 ہزار روپے قسط مقرر کرنے کی تجویز پر بھی اتفاق کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے رواں ہفتے ای بائیک پورٹل کھولنے کی ہدایت کرتے ہوئے اہل طلبہ کو چھ ہفتوں کے اندر بائیکس فراہم کرنے کے لیے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔

