وفاقی حکومت نے پنشنرز کے لیے ڈیجیٹل پروف آف لائف کا نیا ایس او پی جاری کر دیا۔
وزارت خزانہ کے مطابق پنشنرز کی بائیومیٹرک تصدیق میں کمرشل بینکوں کا کردار ختم کر دیا گیا ہے اب پنشنرز کی لائف ویری فکیشن نادرا اور اکاؤنٹنٹ جنرل دفاتر کے ذریعے ہوگی۔
پنشنرز نادرا پاک آئی ڈی ایپ سے ہر 180 دن میں تصدیق کرا سکیں گے،مارچ اور ستمبر میں لازمی لائف سرٹیفکیٹ جمع کرانے کی شرط ختم کر دی گئی ہے۔
وزارت خزانہ کی جانب سے مزید بتایا گیا ہے کہ نادرا کا ڈیجیٹل لائف سگنل براہ راست سی جی اے اور ایم اے جی کو موصول ہوگا،پنشن اکاؤنٹس کو آئندہ غیر فعال یا ڈارمنٹ قرار نہیں دیا جائے گا۔
پروف آف لائف جمع نہ کرانے پر بینک پنشن اکاؤنٹ پر ڈیبٹ پابندی نہیں لگا سکیں گے،چھ ماہ تک ڈیجیٹل لائف سگنل نہ ملنے پر پنشن سسپنس اسٹیٹس میں چلی جائے گی،لائف سگنل موصول ہوتے ہی پنشن خودکار طور پر بحال اور بقایا جات جاری ہوں گے۔
وزارت خزانہ کے مطابق کمرشل بینک صرف پنشن کی ادائیگی کے ادارے کے طور پر کام کریں گے،بینک معمول کے حالات میں لائف سرٹیفکیٹ یا بائیومیٹرک ڈیٹا جمع نہیں کر سکیں گے۔
نئے ایس او پی کے تحت پنشن کی ادائیگی براہ راست بینک اکاؤنٹس میں جاری رہے گی،پنشنرز کے لیے فزیکل ڈسبرسر ہاف کا نظام مستقل طور پر ختم کر دیا گیا ہے،تصدیق ممکن نہ ہونے پر ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس دفاتر سے دستی تصدیق کی سہولت ہوگی۔
انتہائی عمر رسیدہ پنشنرز فارم دس کے ذریعے لائف سرٹیفکیٹ جمع کرا سکیں گے،خاندانی پنشنرز کو ازدواجی حیثیت سے متعلق فارم بارہ جمع کرانا ہوگا۔
22اگست 2026 سے پہلے ڈارمنٹ کیے گئے پنشن اکاؤنٹس دوبارہ فعال کیے جائیں گے،ستمبر 2026 سے پنشن کی رقم موصول ہونے پر پرانے ڈارمنٹ اکاؤنٹس بھی فعال ہوں گے،
وزارت خزانہ کے مطابق پنشن ادائیگی کے لیے اکاؤنٹس کھولنے اور برقرار رکھنے پر سروس چارجز نہیں ہوں گے۔
ڈیجیٹل پروف آف لائف کیا ہے؟
ڈیجیٹل پروف آف لائف (Digital Proof of Life) یا تصدیقِ حیات کا نظام ایک جدید ٹیکنالوجی پر مبنی طریقہ کار ہے جس کے ذریعے پنشنرز (Pensioners) گھر بیٹھے اپنی زندگی کی ڈیجیٹل تصدیق کر سکتے ہیں تاکہ ان کی پنشن بغیر کسی رکاوٹ کے جاری رہے۔
حکومتِ پاکستان اور نادرا (NADRA) نے بزرگ شہریوں کی سہولت کے لیے یہ نظام متعارف کرایا ہے، جس کے بعد اب پنشنرز کو ہر چھ ماہ بعد بینک یا سرکاری دفاتر کے چکر کاٹنے کی ضرورت نہیں رہی۔
بائیومیٹرک اور چہرے کی شناخت: پنشنرز اپنے اسمارٹ فون کے ذریعے فنگر پرنٹس اور چہرے کی شناخت (Facial Recognition) کا عمل مکمل کرتے ہیں۔
پاک آئی ڈی موبائل ایپ: نادرا کی پاک آئی ڈی (Pak ID) ایپ کے ذریعے پنشنرز یا ان کے اہلخانہ گھر بیٹھے یہ سرٹیفکیٹ بالکل مفت حاصل کر سکتے ہیں۔
مفت سہولت مراکز: جو پنشنرز موبائل ایپ استعمال کرنا نہیں جانتے، وہ نادرا کے مراکز، ای سہولت فرنچائزز یا مخصوص یونین کونسلز جا کر بھی یہ تصدیق مفت کروا سکتے ہیں۔

