پاکستان انڈر 19 نے انگلینڈ انڈر 19 کو پہلے یوتھ ون ڈے انٹرنیشنل میں 177 رنز سے شکست دے کر سیریز کا فاتحانہ آغاز کردیا۔
پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 332 رنز بنائے، جواب میں انگلینڈ کی پوری ٹیم 35.1 اوورز میں 155 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
پاکستان کی جانب سے عثمان خان نے شاندار 151 رنز کی اننگز کھیلی، انہوں نے 136 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 15 چوکے اور 4 چھکے لگائے۔ کپتان فرحان یوسف نے بھی 115 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، جبکہ عبدالقادر نے صرف 13 گیندوں پر 26 رنز بنائے۔
پاکستان نے اننگز کا آغاز کیا تو علیان سلمان صرف ایک رن بنا کر آؤٹ ہوگئے، تاہم اس کے بعد عبدالقادر اور فرحان یوسف نے اسکور کو آگے بڑھایا۔ فرحان یوسف اور عثمان خان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو بڑے مجموعے تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔
عثمان خان اور فرحان یوسف کے درمیان تیسری وکٹ کے لیے ریکارڈ 268 رنز کی شراکت ہوئی، پاکستان کی آخری وکٹیں اختتامی اوورز میں گریں اور قومی انڈر 19 ٹیم نے 50 اوورز میں 332 رنز بنائے۔
انگلینڈ کی جانب سے سبحان علی نے 5 وکٹیں حاصل کیں ، چارلی ٹیلر اور لیوک ہینڈز نے بھی دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
333 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ انڈر 19 کی بیٹنگ پاکستانی باؤلرز کے سامنے زیادہ دیر نہ ٹھہر سکی۔ اوپنر آئیزک محمد نے 72 رنز بنائے اور لیوک ہینڈز نے 28 رنز کی اننگز کھیلی، لیکن دیگر بلے باز نمایاں مزاحمت نہ کرسکے۔
انگلینڈ کی پوری ٹیم 35.1 اوورز میں 155 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔پاکستان کی جانب سے محمد صیام نے 4 وکٹیں حاصل کرکے انگلش بیٹنگ لائن کی کمر توڑ دی جبکہ رضوان اللہ، احمد حسین اور نقاب شفیق نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
یوں پاکستان انڈر 19 نے انگلینڈ کو 177 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے کر چار میچوں پر مشتمل یوتھ ون ڈے سیریز میں برتری حاصل کرلی۔
پاکستان کی کامیابی میں عثمان خان کی سنچری، کپتان فرحان یوسف کی 115 رنز کی اننگز اور محمد صیام کی عمدہ باؤلنگ نمایاں رہی۔



