لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے بیان کو غلط رنگ دینے کی کوشش کی گئی۔
وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ معرکہ حق میں پاکستان کو بڑی کامیابی ملی اور ہماری بہادر افواج نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے جب بھی پاکستان پر حملہ کیا تو اسے منہ کی کھانی پڑی جبکہ سکیورٹی فورسز نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز نے بے شمار قربانیاں دی ہیں۔
عظمیٰ بخاری نے دیگر صوبوں سے متعلق کہا کہ خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتحال ابتر ہے اور صوبے کے وسائل انتشاری سیاست کے لیے استعمال کیے جا رہے ہیں۔ بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے لوگ دہشت گردی کرتے ہیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے بیان پر انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے دہشت گردی سے متعلق اپنے تحفظات کا اظہار کیا تھا اور کہا تھا کہ صوبوں سے آنے والے دہشت گردوں سے خطرہ ہے لیکن اس بیان پر بھارت کارڈ کھیلا گیا۔
صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ایک طرف کہا گیا کہ مودی دھول چٹا دیتا ہے اور دوسری جانب معرکہ حق آپریشن کو فالس فلیگ قرار دیا گیا۔ پڑوسی ملک سے پاکستان کو کوئی خطرہ نہیں کیونکہ بھارت براہ راست لڑائی نہیں کرسکتا اور پراکسیز کے ذریعے سازش کررہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں کئی چیک پوسٹوں پر دہشت گردی کے واقعات ہوئے اور پولیس کے جوان شہید ہوئے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کہتی تھیں کہ دہشت گرد وہاں نہیں رکتے بلکہ پنجاب کی طرف آتے ہیں۔ اسی طرح کچے کے حالات سب کے سامنے تھے۔ سندھ میں آپریشن شروع ہوتا تو ڈاکو پنجاب آجاتے اور پنجاب میں آپریشن شروع ہوتا تو سندھ چلے جاتے تھے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ مریم نواز نے ٹارگٹڈ آپریشن کے ذریعے کچے میں امن قائم کیا اور کئی ماہ سے کچے میں کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔ امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنا صوبائی حکومتوں کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے سہیل آفریدی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ کس منہ سے مریم نواز سے معافی کا مطالبہ کر رہے ہیں؟ پختونوں کی توہین تب نہیں ہوتی جب ان کے بچوں کو صحت کی سہولیات نہیں ملتیں یا سڑکیں نہیں بنتیں اور لوگ دریاؤں کو ڈولیوں کے ذریعے پار کرتے ہیں؟ مریم نواز باقی صوبوں کے بچوں کو بھی لیپ ٹاپ اور اسکالرشپس دیتی ہیں، جبکہ دہشت گردوں کے خلاف مریم نواز جو کام کررہی ہیں وہ سب کو نظر آرہا ہے۔




