وزیراعظم کی جہانگیر ترین سے ملاقات، پارٹی میں تحفظات پر گفتگو

۔—فائل فوٹو۔


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما جہانگیر خان ترین کی ملاقات ہوئی ہے جس میں چند پارٹی حلقوں کی طرف سے جہانگیر ترین کے کردار پر تحفظات سے متعلق بھی بات چیت ہوئی۔

ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران ملکی مجموعی سیاسی صورتحال اور پارٹی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ان کے مطابق چند پارٹی حلقوں کی طرف سے جہانگیر ترین کے کردار پر تحفظات سے متعلق بات چیت بھی کی گئی جبکہ اتحادی جماعتوں سے رابطوں کے معاملے پر بھی گفتگو ہوئی۔

ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ جہانگیر ترین نے اتحادی جماعتوں سے اپنی ہونے والی بات چیت سے بھی آگاہ کیا۔

تحریک انصاف اتحادیوں کو منانے کے مشن پر

حالیہ عرصے میں پاکستان تحریک انصاف کے اتحادی حکمران جماعت سے کچھ ناراض نظر آتے ہیں۔ ان اتحادیوں میں ق لیگ، ایم کیو ایم اور بی این پی (مینگل) شامل ہیں۔

گزشتہ ہم نیوز نے ذرائع کے حوالے سے بتایا تھا کہ ق لیگ نے اپنے اراکین کے لیے ترقیاتی فنڈز جاری کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے مونس الہٰی کے لیے وفاقی وزارت مانگی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ’ایم کیو ایم کا کوئی رکن وزیر اعظم سے ملاقات کے لیے نہیں جائے گا‘

یہ بات وزیراعظم عمران خان سے ہونے والی ملاقات میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے بتائی۔ اس ضمن میں ذمہ دار ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم نے وزیراعلیٰ سے استفسار کیا کہ ق لیگ کے تحفظات کیا ہیں؟

ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ نے بتایا کہ ق لیگ کا مطالبہ ہے کہ ان کے اراکین کو ترقیاتی فنڈز دیے جائیں اور وفاقی کابینہ میں مونس الہٰی کو شامل کیا جائے۔

ذمہ دار ذرائع نے بتایا کہ عمران خان نے عثمان بزدار سے تفصیلات سننے کے بعد یقین دہانی کرائی کہ ق لیگ کے تمام تحفظات دور کیے جائیں گے۔

جہانگیر ترین کی سربراہی میں اتحادیوں کو منانے کے حوالے سے کمیٹی تشکیل دی گئی تھی تاہم بعد میں اسے تبدیل کردیا گیا۔

تحریک انصاف کے رہنما کئی مرتبہ کہہ چکے ہیں کہ اتحادی ان کے ساتھ ہیں اور وہ انہیں منالیں گے۔


متعلقہ خبریں