ادارے کا دفاع کرنا اچھی طرح جانتے ہیں، ترجمان پاک فوج


راولپنڈی: ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ ہم ادارے کا دفاع کرنا اچھی طرح جانتے ہیں، پرویز مشرف کے فیصلے سے متعلق ہمارے خدشات درست ثابت ہوئے۔

ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ فیصلے میں استعمال کیے گئے الفاظ انسانیت، مذہب اور تہذیب سے بالا تر ہیں۔ ایسا فیصلہ ماضی میں کبھی نہیں آیا۔ افواج پاکستان ایک منظم ادارہ ہے اور وہ کام جو دنیا کی کوئی قوم نہیں کر سکی تھی پاک فوج نے عوام کے ساتھ مل کر کر دکھایا۔

انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ ہمیں آپس میں لڑانے کی سازش کر رہے ہیں اور دشمن کی کوشش رہی ہے کہ پاکستان کو داخلی طور پر کمزور کیا جائے۔ ہم نے ملک کی سلامتی کے لیے جانیں قربان کی ہیں لیکن دشمن ہمیں اشتعال دلاتے ہوئے آپس میں لڑانا چاہتا ہے تاہم دشمن کی سازشیں کبھی کامیاب نہیں ہوں گی۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ اگرہم دہشت گردی کا مقابلہ کر سکتے ہیں تو داخلی چیلنجز کا بھی مقابلہ کر سکتے ہیں جبکہ دشمن اور ان کے سہولت کاروں کی بھی ہمیں سمجھ ہے اس لیے ہم نے جو کامیابیاں حاصل کی ہیں اس کو ضائع نہیں ہونے دیں گے۔

انہوں ںے کہا کہ پاک فوج عوام کا ادارہ ہے اور ہم ملک کی حفاظت کی طرح ادارے کا وقار بھی بحال رکھیں گے، افواج پاکستان ایک ادارہ نہیں ایک خاندان ہے تاہم ہمارے لیے ملک پہلے اور ادارہ بعد میں ہے، ہم ملک کا دفاع کرنا اچھی طرح جانتے ہیں۔

میجر جنرل آصف ٖغفور نے کہا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی وزیر اعظم عمران خان سے تفصیلی بات ہوئی ہے کہ ملک کو کیسے آگے لے کر چلنا ہے۔ ہم اپنے بڑھتے ہوئے قدم کو پیچھے نہیں ہٹنے دیں گے۔

انہوں ںے کہا کہ ہم اندرونی اور بیرونی ملک دشمنوں کو بھرپور جواب دیں گے۔ ادارے کی عزت و وقار کو دفاع کرنا بہت اچھی طرح سے جانتے ہیں۔

سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کے خلاف خصوصی عدالت نے آج تفصیلی فیصلہ جاری کرتے ہوئے حکم دیا کہ پرویز مشرف کو ہر الزام پر علیحدہ علیحدہ سزائے موت دی جائے۔

یہ بھی پڑھیں مشرف فوت ہوگئے تو لاش3 دن ڈی چوک پر لٹکائی جائے، جسٹس وقار

تحریری فیصلے میں درج ہے کہ جمع کرائے گئے دستاویزات سے واضح ہے کہ ملزم نے جرم کیا، ملزم پر تمام الزامات کسی شک و شبہ کے بغیر ثابت ہوتے ہیں۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مشرف کو گرفتار کرنے کا حکم دے دیا۔

سنگین غداری کیس کی سماعت کرنے والے بینچ کے سربراہ جسٹس وقار احمد نے تفصیلی فیصلے میں لکھا کہ پرویز مشرف فوت ہوگئے تو ان کی لاش تین دن ڈی چوک پر لٹکائی جائے۔

 


متعلقہ خبریں