لاہور: پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل تھری) کے اہم میچ میں پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں مد مقابل ہیں۔ دونوں ٹیموں کے مابین ایلیمینیٹر (ہارنے پر ٹورنامنٹ سے اخراج) لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جا رہا ہے۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام سات بجے شروع کیا جائے گا۔
زلمی اور گلیڈی ایٹرز دس دس پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر تیسرے اور چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔
لاہور میں سیکیورٹی کی صورتحال
پی ایس ایل تھری کے لاہور میں کھیلے جانے والے پلے آف مقابلے کے لیے سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے ہیں۔ 12 ہزار پولیس اہلکار سیکیورٹی پر تعینات کیے گئے ہیں۔
رینجرز اور پاک فوج کی دو دو کمپنیاں بھی سیکیورٹی کے فرائض سرانجام دے رہی ہیں۔
راستے کی فضائی نگرانی کے ساتھ عمارتوں پر اسنائپرز تعینات ہوں گے۔ کیمروں کی مدد سے اسٹیڈیم کے اطراف اور روٹ کی بھی مانیٹرنگ ہو گی۔
ٹیموں کے روٹس اوراسٹیڈیم پر 300 کیمروں کی مدد سے 24 گھنٹے مانیٹرنگ کی جائے گی۔ جس کے لیے 75 پولیس کمیونیکشن آفیسرز پرمشتمل تین ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں ہیں۔
روٹس اور اسٹیڈیم کے اطراف میں موبائل کمانڈ سنٹر اور ڈرون کیمرہ کی مدد سے سرویلنس کی جائے گی۔ فیلڈ میں موجود ایس پیز, ڈی ایس پیز کو ایم ٹی ڈی ہینڈ سیٹ بھی فراہم کیے جائیں گے۔
اسٹیڈیم کے تین کلو میٹر کے اطراف میں تمام تعلیمی ادارے بند رکھے گئے ہیں۔ میٹرو کے چند اسٹیشن بھی بند کر دیے گئے ہیں۔
کھلاڑیوں کی فول پروف سیکیورٹی کے لیے قذافی اسٹیڈیم سے لے کر نجی ہوٹل تک دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔
شناختی کارڈ اور میچ ٹکٹ کے بغیر پارکنگ میں داخلہ ممنوع قرار دے دیا گیا ہے۔
سیکیورٹی سے متعلق ہیلپ ڈیسک بھی قائم کر دیا گیا ہے۔ ذاتی گاڑیوں میں آنے والے شائقین کے لیےایل ڈی اے، لبرٹی پارکنگ پلازہ، جام شیریں گلبرگ پارک اور پنجاب یونیورسٹی ہاسٹل میں پارکنگ ایریاز قائم کیے گئے ہیں۔
غیر ملکی کھلاڑیوں کی آمد
پشاورزلمی کے ڈیرن سیمی، کرس جارڈن، لیام ڈاوسن پاکستان پہنچ چکے ہیں۔ پاکستان آنے والے دیگر کھلاڑیوں میں آندرے فلیچر، ریلے روسو، روی بوپارا، کرس گرین، کولن انگرم بھی شامل ہیں۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کوچ ویوین رچرڈز سمیت دیگر غیر ملکی کوچنگ اسٹاف بھی پاکستان پہنچ گیا ہے۔
لاہور میں موسم کی صورتحال
موسمی امور پر نظر رکھنے والے ادارے نے لاہور میں آج اور کل بارش کی پیشنگوئی کر رکھی ہے۔ لاہور میں صبح سے ہلکی بوندا باندی کا سلسلہ بھی جاری تھا جس کے بعد گراؤنڈ اور پچ کو ڈھانپ دیا گیا ہے۔
ذیادہ بارش ہونے کی صورت میں اگر میچ متاثر ہوتا ہے تو دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دیا جائے گا۔ میچ متاثر ہونے کا فائدہ زلمی کی ٹیم اٹھائے گی۔ زلمی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر رن ریٹ کے لحاظ سے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے آگے ہے۔
آج کا میچ جیتنے والی ٹیم پہلے پلے آف میں ہارنے والی ٹیم کراچی کنگز کے خلاف دوسرا ایلیمینیٹر کھیلے گی۔ جس کے بعد فائنل میں رسائی حاصل کرنے والی ٹیم کا فیصلہ کیا جائے گا۔
دوسری جانب اسلام آباد یونائیٹڈ پہلے ہی فائنل کے لیے کوالیفائی کر چکی ہے۔