لیگی رہنما نواز شریف کی بیماری پر سیاست کرنا چاہتے ہیں، فردوس عاشق

اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کا تعین وفاقی حکومت کرے گی، فردوس عاشق

فوٹو: فائل


اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ لیگی رہنما نواز شریف کی بیماری پر سیاست کرنا چاہتے ہیں ان کا علاج نہیں۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ نواز شریف کو 4 ہفتوں کے لیے بیرون ملک جانے کی اجازت دینے کے حکومتی فیصلے کو متعصبانہ قرار دینا نہایت افسوسناک ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیاست کو پس پشت ڈال کر انسانی ہمدردی کی بنیادوں پر نیک نیتی سے فیصلہ کیا گیا ہے اور قانون کی پاسداری حکومت کی آئینی ذمہ داری ہے۔

یہ بھی پڑھیں نواز شریف کا مشروط طور پر بیرون ملک جانے سے انکار

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ لیگی ردعمل اس امر کا ثبوت ہے کہ وہ نواز شریف کی بیماری پر سیاست کرنا چاہتے ہیں ان کا علاج نہیں۔ اگر آپ قانون کا احترام کرتے ہیں تو گارنٹی کے قانونی تقاضے کو پورا کرنے میں کیا عار ہے؟

انہوں نے کہا کہ یہ مسئلہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور مسلم لیگ ن کا نہیں ہے، یہ ایک شخص کی صحت کا مسئلہ ہے جس کو ریلیف دینے کے لیے حکومت نے غیر معمولی اقدام اٹھایا ہے۔

 


متعلقہ خبریں