کنگز کا قلندرز کو جیت کے لیے164 رنز کا ہدف


دبئی: پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل تھری) کے 24ویں میچ میں کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کو جیت کے لیے 164رنز کا ہدف دیا ہے۔

دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں قلندرز نے ٹاس جیت کر کنگز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

کنگز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 163 رنز بنائے۔

میچ کے آغاز میں کنگز کی جانب سے لینڈل سیمنز اور جو ڈینلے اوپننگ کے لیے میدان میں آئے۔ اوپنر بلے باز پہلی وکٹ کے لیے 19 رنز کی پارٹنرشپ قائم کر سکے۔

جو ڈینلے کراچی کی جانب سے آؤٹ ہونے والے پہلے کھلاڑی تھے۔ انہوں نے چار گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے صرف تین رنز بنائے اور سہیل خان کی گیند پر مچل میکلنگن کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

لینڈل سیمنز نے نئے آنے والے کھلاڑی بابر اعظم کے ساتھ مل کر اسکور کو 91 رنز تک پہنچایا۔ سیمنز نے اس دوران شاندار نصف سنچری مکمل کی۔

انہوں نے 39 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 55 رنز بنائے۔ انہوں نے ایک چھکے اور آٹھ چوکوں کی مدد سے اپنی اننگ مکمل کی اور یاسر شاہ کی گیند پر کپتان میکلم کو کیچ دے کر آؤٹ ہو گئے۔

بابر اعظم نے کولن انگرام کے ساتھ مل کر مزاحمت کی کوشش کی اور 42 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے ٹورنامنٹ کی مسلسل تیسری نصف سنچری مکمل کی۔

چار رنز کے انفرادی اسکور پر کولن انگرام کا آسان کیچ ڈراپ ہوا۔ تاہم کنگز بلے باز دوسرے موقع کا استعمال نہ کر سکے اور 13 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 12 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ انہیں سہیل خان کی گیند پر گلریز صدف نے کیچ آؤٹ کیا۔

بابر اعظم آؤٹ ہوئے تو ٹیم کا ٹوٹل اسکور 147 تھا۔ بابر اعظم 61  بنا کر آؤٹ ہوئے۔ انہوں نے ایک چھکے اور چھ چوکوں کی مدد سے 49 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے اپنی اننگ مکمل کی۔

شاہد آفریدی میدان میں آئے تو سابقہ روایت کو برقرار رکھتے ہوئے چھکے سے اننگ کا آغاز کیا۔ آفریدی دوسری ہی گیند پر چھ رنز بنا کر شاہین آفریدی کی گیند کا شکار بن گئے۔

قلندرز کی جانب سے سہیل خان نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔


متعلقہ خبریں