’اگلے دو ماہ میں بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں گے’


اسلام آباد: وفاقی وزیر غلام سرور خان نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کے ساتھ وزیراعظم کے استعفے اور وقت سے قبل عام انتخابات کرانے کے مطالبات پر بات نہیں ہو سکتی۔

ہم نیوز کے پروگرام ’بڑی بات‘ میں میزبان عادل شاہ زیب کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں یہ طے ہوا ہے کہ آئندہ 2 سے 3 ماہ کے اندر پنجاب اور خیبرپختون خوا میں  بلدیاتی انتخابات کرائیں جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومتی کمیٹی کے اراکین سیاست میں نسبتاً نئے ہیں، اس لئے چودھری برادارن اس معاملے کو دیکھ رہے ہیں ، ان کا مولانا فضل الرحمان کے ساتھ ایک تعلق ہے یقیناً درمیانی راستہ نکلے گا۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ 2018 کے انتخابات میں پی ٹی آئی نے مولانا کی پارٹی کو بری طرح شکست دی جس کے بعد وہ سیاسی طور پر بہت پیچھے چلے گئے تھے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہماری پارٹی کی جانب سے بہت بڑی غلطی ہوئی کہ ہم نے بیانات دے کر انہیں اہمیت دی، ہم جانتے ہیں کہ مولانا کے اس احتجاجی دھرنے سے ان کی سیاسی وقعت میں اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مولانا اس وقت جو مطالبات کر رہے ہیں وہ تو پورے نہیں ہو سکتے مگر یہ بات بھی واضح ہے کہ وہ کچھ نہ کچھ لے کر ہی جائیں گے۔


متعلقہ خبریں