ملتان کے سلطانز بڑے مارجن سے شکست کھا گئے


دبئی: پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل تھری) کے 22ویں میچ میں کراچی کنگز نے ملتان سلطانز کے خلاف شاندار فتح اپنے نام کر لی۔

کنگز نے ملتان کو 63 رنز سے شکست دے دی۔ یہ پی ایس ایل کے رواں سیزن کی دوسری بڑی ہار ہے۔

اس سے پہلے ایونٹ کے 19ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگز کو 67 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دی تھی۔

پی ایس ایل تھری کے 22ویں میچ میں کراچی کے 189 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ملتان کی پوری ٹیم 125 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

میچ کے آغاز میں سلطانز کی جانب سے سنگا کارا اور احمد شہزاد اوپننگ کرنے میدان میں آئے۔ 41 کے مجموعے پر سنگاکارا 18 رنز بنا کرآؤٹ ہوئے۔

دوسری وکٹ صہیب مقصود کی گری جو 7گیندوں پر 11 رنز بنا کر عثمان خان کی گیند پر پویلین لوٹے۔ صہیب آؤٹ ہوئے تو ٹیم کا اسکور 52 تھا۔

ملتان کی تیسری وکٹ 53 کے مجموعی اسکور پر گری جب اوپنر بلے باز احمد شہزاد 17 گیندوں پر 24 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ انہیں عماد وسیم نے آؤٹ کیا۔

احمد شہزاد کے بعد آنے والے تینوں کھلاڑی شاہد آفریدی کی باؤلنگ کا شکار بنے۔

کیرن پولارڈ تین، سیف بدر 13 اور شعیب ملک چھ رنز بنا کر شاہد آفریدی کی گیند پر پویلین لوٹے۔

12ویں اوور میں ملتان سلطانز نے 79 کے ٹوٹل اسکور پر چھ اہم وکٹیں کھو دیں۔

ہاردوس ویلجوئن ملتان کی جانب سے آؤٹ ہونے والے ساتویں کھلاڑی تھے۔ ویلجوئن دو رنز اپنے ریکارڈ میں لکھوا کر رن آؤٹ ہوئے۔

عمران طاہر دو، جنید خان ایک اور محمد عرفان چھ رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

کراچی کی جانب سے شاہد آفریدی نے چار اوورز میں 18 رنز دے کر تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

آفریدی میچ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔

اس سے قبل میچ کے آغاز میں کراچی کنگز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں پی ایس ایل کے تیسرے ایڈیشن کا سب سے بڑا ہدف دیا۔

کنگز نے تین وکٹوں کے نقصان پر 188 رنز بنائے۔

کنگز کی جانب سے جو ڈینلے اور بابر اعظم نے بالترتیب 78 اور 58 رنز کی شاندار اننگ کھیلی۔

کولن انگرام 29 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ انہوں نے آٹھ گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے چار چوکے اپنے ریکارڈ میں لکھوائے۔


متعلقہ خبریں