اسلام آباد: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ ریاست میرے والد کی گرتی صحت کو میری پارٹی پر دباؤ بڑھانے کے لئے استعمال کررہی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا کہ اگست سے کسی بھی فرد جرم کے بغیر قید میرے والد ابھی تک طبی سہولیات کے منتظر ہیں ۔
بلاول بھٹوکہا کہ خود حکومت کے ماتحت سرکاری ڈاکٹروں نے صدر آصف علی زرداری کی خرابی صحت سے متعلق متعدد رپورٹس دیں،سرکاری ڈاکٹروں کی رپورٹس میں صدر زرداری کو جیل میں طبی سہولیات اور اسپتال منتقل کرنے کی سفارشات موجود ہیں۔
چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی نے کہا کہ صدر زرداری کو طبی سہولیات نہ دے کر بنیادی انسانی حق سے ان کو محروم کیا جارہا ہے، نہ صرف انہیں اسپتال نہیں لے جایا گیا بلکہ فریج تک مہیا نہیں کیا گیا کہ وہ اپنی انسولین اور دیگر دوائیں رکھ سکیں۔
یہ بھی پڑھیےآصف زرداری کو اسپتال منتقل کرنے کی درخواست مسترد
بلاول بھٹو زرداری نے خبردار کیا کہ اگر خدانخواستہ میرے والد کو کچھ ہوا تو میں اس حکومت کو ذمہ دار سمجھوں گا،ان تمام اوچھے حکومتی ہتھکنڈوں کے باوجود ہم اپنے اصول اور جمہوری جدوجہد پر سمجھوتہ نہیں کریں گے۔