نریندر مودی نے اپنا آخری کارڈ کھیل لیا، عمران خان

نریندر مودی نے اپنا آخری کارڈ کھیل لیا، عمران خان

فوٹو: فائل



اسلام آباد: وزیراعظم عمران نے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ نریندر مودی نے اپنا آخری کارڈ کھیل لیا اور اب کشمیریوں کے دل سے موت کا خوف ختم ہوچکا ہے۔

وفاقی دارالحکومت میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی گئی جہاں عمران خان نے عوام سے مختصر خطاب کیا۔

وزیراعظم نے کہا آج ہم سب کشمیر کے لوگوں کو پیغام دے رہے ہیں کہ پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ ہمیشہ کھڑی رہےگی۔

ان کا کہنا تھا کہ دنیا کو بار بار پیغام دیتے رہیں گے کہ کشمیری اپنا حق خود ارادیت مانگ رہے ہیں لیکن وہاں کشمیر ی بچے ، خواتین اور بزرگ گھروں میں قید ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ انہوں نے عالمی قیادت کو خود مسئلہ کشمیر پر سمجھایا ہے، آہستہ آہستہ دنیا میں مسئلہ کشمیر اجاگر ہورہا ہے اور  کشمیریوں کے حق کی تحریک سمندر بن جائےگی۔

وزیراعظم نے کہا کہ کشمیر میں اتنا ظلم ہورہا ہے لیکن عالمی میڈیا توجہ نہیں دیتا لیکن عالمی میڈیا ہانگ کانگ کے احتجاج کو ہیڈ لائن میں دکھاتا ہے جہاں دو یا تین لوگ مرے ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ کہ بھارتی فوج نے80لاکھ انسانوں کو کرفیومیں بند کررکھا ہے، کرفیو ختم ہونے سے لاکھوں لوگ سڑکوں پر نکلیں گے۔


متعلقہ خبریں