سری دیوی کی موت باتھ ٹب میں ڈوبنے سے ہوئی۔ فرانزک رپورٹ


دبئی: بھارتی فلم انڈسٹری کی ‘ہوا ہوائی گرل’ سری دیوی کی فرانزک رپورٹ نے اداکارہ کی موت کو حادثاتی قرار دے دیا۔

سری دیوی 24 فروری کو ایک شادی کی تقریب میں شرکت کیلئے دبئی کے جمیرا ایمرٹس ٹاور ہوٹل میں رہائش پذیر تھیں۔ شادی کی تقریب میں وہ اپنے شوہربونی کپوراور بیٹی کے ساتھ شریک ہوئیں۔

سری دیوی کے شوہر فلم پروڈیوسر بونی کپور کے مطابق دونوں نے رات کا کھانا باہر کھانے کا پروگرام بنایا۔ جس کے لیے اداکارہ تیاری کے لیے باتھ روم گئیں جہاں وہ مردہ حالت میں پائی گئیں۔

ابتدائی طور پر سری دیوی کی موت کی وجہ دل کا دورہ قرار دیا جارہا تھا۔ تاہم اداکارہ کے قریبی رشتہ داروں کا کہنا تھا کہ سری دیوی کو دل کا عارضہ لاحق نہیں تھا۔

بھارتی میڈیا میں اداکارہ کی موت پر متضاد خبریں گردش کرتی رہیں۔ دبئی پولیس کی حالیہ رپورٹ نے اب مزید شکوک و شبہات کو جنم دے دیا ہے۔

فرانزک رپورٹ کے مطابق بھارتی اداکارہ سری دیوی کی موت باتھ ٹب میں ڈوبنے کے بعد ہوئی۔ تاہم ان کی موت کے پیچھے کوئی مجرمانہ عوامل نہیں تھے۔

54 سالہ سری دیوی کی ہلاکت کے حوالے سے ابتدائی فرانزک رپورٹ دبئی پولیس نے جاری کر دی ہے۔ پولیس نے رپورٹ سری دیوی کے لواحقین اور انڈین قونصل خانے کو فراہم کی ہے۔ تاہم حتمی پوسٹ مارٹم رپورٹ ابھی آنا باقی ہے۔

متحدہ عرب امارات سے شائع ہونے والے خلیج ٹائمز نے پوسٹ مارٹم رپورٹ کے حوالے سے انکشاف کیا ہے کہ اداکارہ کے خون کے نمونوں میں الکوحل کی موجودگی کے شواہد بھی ملے ہیں۔ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ سری دیوی نشے کی حالت میں تھیں اور ان کی موت باتھ ٹب میں اپنے حواس کھونے کے باعث ڈوب کر ہوئی۔

خلیجی اشاعتی ادارے گلف نیوز کے مطابق فرانزک رپورٹ کے بعد سری دیوی کی لاش انڈیا منتقل کرنے میں تاخیر بھی ہو سکتی ہے جو کہ 26 فروری کو واپس بھیجی جانی تھی۔

1980 کی دہائی میں بالی وڈ پر راج کرنے والی سری دیوی 13 اگست 1963 میں تامل ناڈو میں پیدا ہوئیں ۔ 1978 میں اپنے فلمی سفر کا آغاز کرنے والی اداکارہ نے پروڈیوسر بونی کپور سے1996 میں شادی کی۔ سری دیوی کی دو بیٹیاں خوشی اور جھانوی کپور ہیں۔


متعلقہ خبریں