ٹرائل روم میں کیمروں کے بعد بندوں کے چھپے ہونے کا انکشاف


کراچی: فیشن کی دنیا کے بڑے ناموں میں سے ایک گل احمد کے آئیڈیاز کو سوشل میڈیا پرخواتین کی جانب سے کڑی تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

گل احمد آئیڈیاز اس وقت تنقید کا نشانہ بنا جب کراچی کی ایک خاتون نے فیس بک پراپنے ساتھ پیش آئے واقعہ کو پوسٹ کیا۔ ساشا شہرزادی نامی خاتون نے بتایا کہ قریباً آٹھ بجے وہ گل احمد آئیڈیاز کی دو تلوار پر واقع اوشن مال کی دوکان پر گئیں۔

اوشن مال پر واقع گل احمد آئیڈیاز کی دوکان

ساشا شہرزادی نے کہا کہ وہاں ایک لباس چیک کرنے کے لئے انہیں کپڑے تبدیل کرنے کے کمرے (چینجنگ روم) میں جانا پڑا۔ بیسمنٹ میں موجود ٹرائل روم میں جب انہوں نے تبدیل کرنے کے لیے لباس نکالا۔ اس وقت انہوں نے شیشے میں کمرے کی بند الماری کا دروازہ حرکت کرتے محسوس کیا۔

کراچی سے تعلق رکھنے والی خاتون نے کہا کہ انہیں کافی حیرت ہوئی جب انہیں معلوم ہوا کہ الماری میں کوئی بندہ چھپا بیٹھا ہے۔ ساشا نے اسی وقت فلور پر موجود اسٹاف کو بلایا۔ ان کا کہنا ہے کہ وہاں موجود سبھی لوگ اس شخص کے الماری میں موجود ہونے کے گواہ ہیں۔

خاتون کے مطابق دوکان کے منیجرکو بلایا گیا جس کے بعد اسٹاف الماری میں موجود شخص کو اوپر لے گئے۔ واقعہ کے بعد گل احمد آئیڈیاز کے منیجر نے مذکورہ شخص کو نوکری سے فارغ کرنے کا وعدہ کیا۔ ساشا شہرزادی نے سوشل میڈیا صارفین سے سوال پوچھا کہ کیا صرف نوکری سے نکال دینا کافی ہے؟

اس سے قبل فیشن برینڈ لیویزکے ٹرائل روم میں خفیہ کیمروں کی موجودگی کا انکشاف ہوا تھا۔ آٹھ فروری کو فیصل آباد کی ایک خاتون نے کمرے میں موجود خفیہ موبائل کیمرے کی موجودگی سے میڈیا کو آگاہ کیا تھا۔

بعد ازاں کمپنی نے واقعے میں ملوث دو افراد کو نوکری سے نکال کر ان کے خلاف پولیس میں شکایت بھی درج کروائی تھی۔


متعلقہ خبریں