راولپنڈی: وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’مودی سن لو، بھارت کے اندر 22 پاکستان بن جائیں گے۔‘
راولپنڈی میں لال حویلی کے باہر کشمیر سے یکجہتی سے متعلق خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ لال حویلی کا تعلق سرینگر کے لال چوک سے ہے۔
شیخ رشید احمد نے کہا کہ آرٹیکل 370 کے ذریعے مقبوضہ کشمیر کی حیثیت تبدیل کرکے مودی نے بہت بڑی غلطی کردی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مودی نے سمجھا پاکستانی قوم سوئی ہوئی ہے تاہم قومی اور پاک فوج لمحہ بہ لمحہ تیار ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ 27 دن سے مقبوضہ کشمیر میں کرفیو ہے اور بھارتی افواج مظالم کررہی ہے۔
شہریوں نے وزیر ریلوے کی قیادت میں ریلی نکالی اور کشمیریوں کے حق میں نعرے لگائے۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں حالات انتہائی خراب ہیں اور یہ پاکستانی قوم کے امتحان کا وقت ہے۔
وزیر ریلوے نے یہ بھی کہا کہ وزیراعظم کی ایک کال پر پورا ملک سڑکوں پر نکل آئے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ضرورت پڑی تو قوم سرحد پر اپنے فوجی جوانوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہوگی۔