بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا، ترجمان دفتر خارجہ

مقبوضہ کشمیر میں افسوسناک خبروں کا سلسلہ جاری ہے، دفتر خارجہ

فوٹو: ہم نیوز


اسلام آباد: پاکستان کے دفتر خارجہ نے کہاہے کہ کنڑول لائن پر بھارتی جارحیت کا بھر پور جواب دیا جائیگا۔ 

دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل  نےیہ بات سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پرکہی ہے۔ ڈاکٹر  فیصل  نے کہا کہ بھارت کو 27 فروری کا دن نہیں بھولنا چاہیے،اس بھارتی جارحیت کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔

ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ  بھارتی جارحیت قابل مذمت ہے ۔ بھارت کو مناسب اور بھر پور جواب دیا جائے گا۔ بھارتی فوج نے کلسٹر بم گرائے اور سویلین آبادی کو نشانہ بنایا۔

ڈاکٹر محمد فیصل کی طرف سے کہا گیاہے کہ بھارتی فوج نے انسانی حقوق اور عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی کی ہے۔

اس سے قبل وزیر خارجہ شاہ محمود حسین قریشی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کےحالات بھارت کےہاتھ سےنکل چکےہیں۔اقوام متحدہ کی ذمےداری ہےکہ مسئلہ کشمیرکو حل کرانے میں کردار ادا کرے۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے یہ بات سرکاری ٹی وی سے گفتگو میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کوبھارت کیجانب سےسیزفائرمعاہدےکی خلاف ورزی سےمتعلق خط بھی لکھا ہے۔ بھارت نےمعصوم شہریوں پرکلسٹر ایمونیشن کا استعمال شروع کردیاہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کلسٹرایمونیشن کااستعمال بین الاقوامی قوانین اور جنیواکنونشن کی خلاف ورزی ہے۔امریکی صدر بھی مسئلہ کشمیر کےحل کے لیے ثالثی کا کردار ادا کرنے کو تیار ہیں مگربھارت اب بھی مذاکرات کے لیے تیار نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا پاکستان کی مقبولیت اور امن کی خواہش دیکھ رہی ہے،مقبوضہ کشمیر کےحالات بھارت کےہاتھ سےنکل چکےہیں، لگتا ہےکہ بھارت بوکھلاہٹ کا شکار ہوچکاہے۔

واضح رہے کہ بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر شہریوں کو نشانہ بنانے کے لیے کلسٹر ٹوائے بم کے استعمال کا انکشاف ہوا ہے جس کے نتیجے میں چار سالہ بچے سمیت دو افراد شہید اور 11 زخمی ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارت نے وادی نیلم میں کلسٹر ٹوائے بم سے آبادی کو ہدف بنایا۔

بھارتی فوج ایل او سی پر کلسٹر ایمونیشن کے ذریعے شہری آبادیوں کو نشانہ بنا رہی ہے اور ایسا کرنا جنیوا کنونشن اور بین الاقوامی انسانی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

یہ بھی پڑھیے: مقبوضہ کشمیر کےحالات بھارت کے ہاتھ سےنکل چکےہیں، شاہ محمود قریشی


متعلقہ خبریں