’’مولانا فضل الرحمان کو کرائے پرحاصل کر رکھا ہے‘‘

’’مولانا فضل الرحمان کو کرایہ پرحاصل کر رکھا ہے‘‘

فوٹو: فائل


اسلام آباد: وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کو مسلم لیگ ن نے کرائے پر حاصل کر رکھا ہے، اس لیے کرایہ داری ایکٹ کا نفاذ مولانا فضل الرحمان پر بھی ہونا چاہئے۔

فواد چوہدری نے اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ چند روز سے مولانا فضل الرحمان مذہب کا استعمال کر رہے ہیں انہیں ایسی صورتحال میں کیڑے نظر آنے لگے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان ن لیگ اور پیپلز پارٹی میں رشتہ کرانے والی مائی کا کردار ادا کر رہے ہیں، میں حزب اختلاف سے کہوں گا کہ وہ مولانا فضل الرحمان کے ہاتھوں میں نہ کھیلے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ حزب اختلاف پر مقدمات ہم نے نہیں بنائے اس لیے ہمارے خلاف احتجاج کی کیا بنیاد ہے؟ نواز شریف اور آصف زرداری پر مقدمات سابق ادوار میں بنے اور تفتیش بھی انہی مقدمات کی ہو رہی ہے جو سابق دور میں بنے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پر میڈیا اور سوشل میڈیا پر پابندی کا الزام بے ہودہ ہے کیونکہ تحریک انصاف تو خود میڈیا کی حامی ہے اور میڈیا کے بغیر پی ٹی آئی کچھ نہیں تھی تاہم ہم جھوٹی خبروں کا تدارک کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں شریف خاندان کی کرپشن سے تنگ آچکے ہیں، فواد چوہدری

وفاقی وزیر نے کہا کہ کراچی میں پانی کا مسئلہ انتہائی گھمبیر صورتحال اختیار کر چکا ہے جو صوبائی حکومت سے حل نہیں ہو رہا۔ عالمگیر خان کا پانی کے مسئلہ پر احتجاج بالکل درست تھا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور افواج پاکستان کے وقار کا خیال رکھنا انتہائی ضروری ہے جبکہ ہمیں سب سے زیادہ ٹوٹی پھوٹی خارجہ پالیسی ورثے میں ملی تھی۔


متعلقہ خبریں