ممبئی حملہ کیس: ملزم ذکی الرحٰمن لکھوی کی ضمانت کے خلاف اپیل کی سماعت کل ہو گی


ممبئی حملوں کے مبینہ ماسٹر مائنڈ اور کیس کے  مرکزی ملزم ذکی الرحٰمن لکھوی کی ضمانت کے خلاف اپیل کی سماعت کل ہو گی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں ایف آئی اے کی طرف سے  دائر اپیل پرجسٹس محسن اختر کیانی سماعت کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ممبئی حملہ کیس کے مرکزی ملزم کی ضمانت خارج ہونے پراسے احاطہ عدالت سے گرفتار کیا  جاسکتاہے۔ ایف آئی اے کی جانب سے اسپیشل ٹیمیں اسلام آباد ہائی کورٹ میں موجود ہونگی۔

ملزم ذکی الرحٰمن لکھوی کو 7 دسمبر 2008 کو مظفرآباد سے گرفتار کیاگیا تھا۔

25 نومبر 2009 کو انسداد دہشت گردی عدالت کی طرف سے  ذکی الرحٰمن لکھوی سمیت 7 ملزمان پر فرد جرم عائد کی گئی تھی ۔

جن ملزمان کےخلاف فرد جُرم عائد کی گئی ہے اُن میں مولانا ذکی الرحمن لکھوی کے علاوہ  شاہد جمیل ریاض،حماد امین صادق، مظہر اقبال، جمیل احمد، عبدالواجد اور یونس انجم شامل ہیں۔

18 دسمبر 2014 کو انسداد دہشت گردی عدالت نے ذکی الرحٰمن لکھوی کو 5 لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض  ضمانت دی تھی۔

19 دسمبر کو ہائی کورٹ نے ممبئی حملوں کے مرکزی ملزم ذکی الرحٰمن لکھوی کی ضمانت خارج کر دی تھی۔

ہائی کورٹ کے بعد 7 جنوری 2015 کو سپریم کورٹ نے بھی ملزم کی  ضمانت خارج کرتے ہوئے کیس دوبارہ ہائی کورٹ کو ریفر کر دیا تھاجہاں ذکی الرحٰمن لکھوی کی ضمانت منظور کر لی گئی تھی۔

ذکی الرحمان لکھوی کی ضمانت منظوری کے بعد 5 لاکھ روپے کے مچلکے جمع ہونے کے بعد اسے 10 اپریل 2015 کو رہا کر دیا گیا تھا

ذکی الرحٰمن لکھوی پر 2006میں ریلوے  نیٹ ورک اور26نومبر 2008کو ہونے والےممبئی  حملوں میں ملوث ہونے کا الزام ہے۔

یہ بھی پڑھیے:ممبئی حملہ کیس، وزارت داخلہ نے جواب کے لیے پھر مہلت مانگ لی

جولائی 2006 میں ممبئی ریلوے اسٹیشن پر ہونے والے حملوں میں 209 افراد جاں بحق اور 700 سے زائدافراد  زخمی ہوئے تھے۔

نومبر 2008 کوہونے والے ممبئی حملوں میں 174 افراد جان بحق اور 300 سے زائد زخمی ہوئے تھے


متعلقہ خبریں