اسلام آباد: ہم نیوز کے نمائدہ خصوصی ریاض الحق نے کہا ہے کہ نیب نے سپریم کورٹ سے جعلی اکاؤنٹس کے حوالے سے مزید وقت مانگ لیا ہے۔
ہم نیوز کے پروگرام بڑی بات میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نیب اومنی گروپ کیس کے حوالے سے اسلام آباد میں احتساب عدالت میں ایک اور ریفرنس دائر کرنے جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ نیب کے ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ نیب کے پاس اہلکاروں کی کمی ہے جس کے باعث تحقیقات میں وقت لگ رہا ہے۔
ملکی معاشی صورتحال، محمد زبیر کا حکومت سے رزاق داؤد کو ہٹانے کا مطالبہ
رہنما مسلم لیگ ن محمد زبیر نے کہا ہے کہ معیشت کے حوالے سے اگر اپوزیشن نے ہی مشورے دینے ہیں تو حکومت گورننس چھوڑ دے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو تمام معاملات کی سنگینیوں کے بارے میں علم تھا اور حکومت میں آنے سے پہلے ان کے پاس پالیسیوں کے حوالے سے بہت وقت بھی موجود تھا مگر پھر بھی یہ لوگ ناکام ہو رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو آئی ایم ایف کے پاس جانے کا فیصلہ بہت پہلے کر لینا چاہیئے تھا اگر یہ لوگ وقت پر آئی ایم ایف کا پلان حاصل کر لیتے تو ملک میں بحرانی کیفیت پیدا نہیں ہوتی۔
محمد زبیر نے کہا کہ حکومت کو رزاق داؤد کو فوراً تبدیل کرنا چاہئے کیونکہ ان کی پالیسیوں کے باعث معیشت کا بہت برا حال ہو چکا ہے۔
بی آر ٹی منصوبے پر ایشین ڈیویلپمنٹ بنک نے اطمینان کا اظہار کیا، صوبائی وزیر خزانہ
وزیر خزانہ خیبرپختونخوا تیمور خان نے کہا ہے کہ بی آر ٹی کے سلسلے میں میری ایشین ڈیویلپمنٹ بنک کے وفد سے ملاقات ہوئی جنہوں اس منصوبے کے دورانیے پر اطمینان کا اظہار کیا ہے، اس منصوبے میں کرپشن کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا۔
ان کا کہنا تھا کہ بی آر ٹی منصوبے میں بہتری کے لئے ان لوگوں کو ہٹایا گیا جو کام ٹھیک سے نہیں کر رہے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ بی آر ٹی منصوبے کی پلاننگ بہتر ہو سکتی تھی تاہم بنک نے اپنی رپورٹ میں اس منصوبے پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
صحافی افتخار فردوس نے کہا ہے کہ بی آر ٹی منصوبے پر نیب نے تحقیقات شروع کی تھیں جسے بعد میں پشاور ہائی کورٹ نے روک دیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ پشاور بی آر ٹی منصوبے کے خلاف کوئی نہیں تھا مگر مسئلہ یہ ہے کہ اس منصوبے کو کچھ حد تک سابق حکومت نے اور اب اس حکومت نے سیاست کی نظر کر دیا ہے۔