لاہور، ڈی آئی خان، بنوں، کوہستان میں فائرنگ، 7 افراد جاں بحق

چکوال: فائرنگ سے 3 افراد جاں بحق

فوٹو: فائل


لاہور: لاہور کے علاقے باغبان پورہ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے دو سگے بھائیوں سمیت تین افراد جاں بحق ہو گئے۔

پولیس کے مطابق باغبان پورہ میں فائرنگ کا واقعہ قصائی کی دکان میں پیش آیا جب کہ ملزمان فائرنگ کرنے کے بعد موقع سے باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

جاں بحق ہونے والوں میں سے دو سگے بھائیوں کی شناخت 11 سالہ زین، 35 سالہ غنی اور معراج عرف لبا کے نام سے ہوئی۔

مقامی ذرائع کے مطابق فائرنگ کا واقعہ دیرینہ دشمنی کا شاخسانہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں

لاہور سیشن کورٹ کے باہر فائرنگ ، 1 شخص جاں بحق

پولیس نے واقعہ کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے کر ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے جب کہ لاشوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

فائرنگ کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور خوف کی وجہ سے اطراف میں موجود دکانوں کو لوگوں نے بند کر دیا۔

عینی شاہدین کے مطابق دو موٹرسائیکلوں پر سوار ملزمان نے چادریں اوڑھ رکھی تھیں جب کہ ملزمان نے منہ ڈھانپے ہوئے نہیں تھے۔ ملزمان کی جانب سے دکان پر اندھا دھند فائرنگ کی گئی۔ ایک ملزم کے ہاتھ میں مشین گن اور دوسرے کے پاس پستول تھا۔

دوسری جانب ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے اسلامیہ کالونی میں فائرنگ سے واسہ کے دو اہلکار جاں بحق ہو گئے۔ جن کی شناخت دلاور اور قیصر کے نام سے ہوئی۔

عینی شاہدین کے مطابق ملزمان موٹر سائیکل پر سوار تھے اور فائرنگ کے بعد باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

ڈی آئی خان میں ایک ٹارگٹ کلنگ کے واقعات تسلسل سے جاری ہیں جس پر انتظامیہ قابو پانے میں ناکام ہو گئی۔ ایک ہفتہ قبل ٹانک اڈا کے قریب ایک اہلکار کو فائرنگ کر کے جاں بحق کر دیا گیا تھا جب کہ ایک ماہ قبل سی ٹی اہلکار بھی فائرنگ سے جاں بحق ہوئے تھے۔ اس سے قبل تحصیل پروا میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے چار پولیس اہلکار جاں بحق ہوئے تھے۔

خیبرپختونخوا کے علاقے بنوں میں بھی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔ جسے نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے قتل کیا۔

کوہستان کے علاقے داسو کمیلہ بازار میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔ ذرائع کے مطابق فائرنگ کا واقعہ پرانی دشمنی کے باعث پیش آیا۔


متعلقہ خبریں