سعودی عرب کی جیلوں میں قید پاکستانیوں کی واپسی شروع ہوگئی

اڑان بھرتے ہی جہاز کو لیزر لائٹ سے نشانہ بنانے کی کوشش: خوف و ہراس

لاہور: سعودی عرب نے پاکستانی قیدیوں کی رہائی کا وعدہ پورا کر دیا۔

ہم نیوز کے مطابق سعودی عرب کی جیلوں میں قید پاکستانیوں کی وطن واپسی کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔ گزشتہ شب سعودی ایئرلائن کی پرواز سے سعودی عرب کی جیلوں میں قید  پانچ پاکستانی رہائی پا کرلاہور پہنچ گئے ہیں۔

وطن واپس پہنچنے والے پانچوں پاکستانی سعودی عرب کے شہر جدہ سے سے لاہور پہنچے ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) سے تعلق رکھنے والے امیگریشن حکام نے ایئرپورٹ پر مسافروں کے سامان اور دستاویزات کی جانچ پڑتال کے بعد انہیں گھروں کو جانے کی اجازت دے دی۔

لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اترتے ہی پاکستانی قیدیوں نے سجدہ شکر ادا کیا۔

پاکستانیوں نے اس موقع پر ولی عہد سعودی عرب شہزادہ محمد بن سلمان کے سامنے ان کا مسئلہ رکھنے پر وزیراعظم عمران خان کا بطور خاص شکریہ ادا کیاْ۔

سعودی عرب کی جیلوں میں قید رہنے والوں نے خصوصی رعایت ملنے پر آبدیدہ آنکھوں سے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا بھی شکریہ ادا کیا۔

سعودی عرب کے  ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے دورہ پاکستا ن کے اختتام پر کہا تھا کہ وہ سعودی عرب میں قید پاکستانی قیدیوں کی رہائی کو اپنا فرض سمجھتے ہیں۔

نور خان ایئربیس پر وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ دورے کے اختتام  پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ترقی کے سفر میں ہم پاکستان کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان آئندہ سالوں میں بڑی معیشت بنے گا۔

سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے سعودی عرب میں قید 2107 پاکستانیوں کی رہائی کا حکم وزیراعظم عمران خان کی درخواست پر دیا تھا۔

وزیراعظم عمران خان نے سعودی عرب میں قید پاکستانیوں کے مسائل کا ذکر سعودی ولی عہد سے کیا تھا۔

سعودی ولی عہد محمد شہزادہ محمد بن سلمان نے 24 گھنٹے مکمل ہونے سے قبل ہی دو ہزار 107 پاکستانیوں کی رہائی کا فرمان جاری کر دیا تھا۔


متعلقہ خبریں