سعودی عرب کے دفاع کے لئے پوری قوم حاضر ہے، وزیراعظم


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سعودی عرب پر اگر کسی نے میلی آنکھ سے دیکھا تو پاکستان کی فوج کیا پوری قوم اس کے تحفظ کے لئے حاضر ہو گی، مکہ اور مدینہ تمام مسلمانوں کے لئے بہت اہمیت رکھتے ہیں۔

عرب میڈیا کو دیئے گئے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں تمام اسلامی ممالک کو ساتھ لے کر چلنے کی پالیسی پر عملدرآمد کے لئے کردار ادا کرنا چاہتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 15 سالوں میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کیسے اسلامی ممالک آپس میں لڑتے رہے اور ان ممالک کے درمیان تنازعات اور شدت پسندی کی وجہ سے ان کی عوام نے بہت نقصان اٹھایا ۔

عمران خان نے کہا کہ پاکستان خطے کے تمام اسلامی ممالک کو اکھٹا کرنے کے لئے کردار ادا کر سکتا ہے،پاکستان کے پاس دنیا کی بہترین فوج موجود ہے اور پاکستان ایک ایٹمی طاقت ہے،ہماری فوج نےدہشت گردوں کے خلاف کامیابی سے جنگ جیتی جو کہ ان کی صلاحیت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

واضح رہے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان تاریخی دورے پر پاکستان میں ہیں، وہ دو روزہ دورے پر پاکستان تشریف لائے ہیں جس کے دوران دونوں ممالک کے دوران متعدد معاہدے طے پائیں گے۔

دورے کے دوران سعودی ولی عہد صدر عارف علوی اور آرمی چیف جنرل قمر باجوہ سے بھی ملیں گے جبکہ ان کے اعزاز میں  وزیراعظم ہاؤس میں عشائیہ اور ایوان صدر میں ظہرانہ دیا جائے گا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بتایا تھا کہ سعودی ولی عہد کے دورے کے دوران برادر ملک کے ساتھ 8 ایم او یوز پر دستخط کریں گے۔