سعودی ولی عہد کے دورے سے سرمایہ کاری بڑھے گی، وزیراعظم


پشاور: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سعودی شہزادے محمد بن سلمان کے دورے سے پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھے گی اور روزگار کے مواقع ملیں گے۔

وزیراعظم عمران خان نے پشاور میں قبائلی اضلاع کے لیے صحت کارڈ کا اجرا کردیا۔ ہیلتھ کارڈ کے تحت 7لاکھ 20 ہزار روپے تک علاج کرایا جاسکے گا۔

وزیراعظم نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ قرضے کے اندر ڈوبے ہوئے تھے، کچھ حد تک اس مشکل سے نکل گئے ہیں، غربت کےخاتمے کے لیے رواں ماہ کے آخر تک جامع پروگرام لائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ قبائلی علاقوں میں ترقیاتی کام کرنا ہے،پورا پروگرام بنایا ہے،عوامی مشکلات کی وجہ سےمیں فوج آپریشن کےخلاف تھا۔

وزیراعظم نے کہا کہ قبائلی علاقوں کودرپیش مشکلات کا سب سےزیادہ احساس تحریک انصاف کوتھا، ان علاقوں کے لیے فنڈز جاری کررہےہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اسکول اور ہیلتھ یونٹ بنانے کا پورا پروگرام بنایا ہے، ملک میں غربت کوکم کرنےکےلیے مشترکہ کوششیں کریں گے، ملک کی دولت بڑھے گی تو قرضے واپس ہو سکیں گے۔

عمران خان نے کہا کہ سرمایہ کاری سے روزگار کے مواقع ملیں گے، سعودی شہزادے کے دورے سے پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ قبائلی علاقے تعلیم،صحت اور دیگر سہولیات میں سب سے پیچھے ہیں، قبائلی عوام کی مدد کا وعدہ پورا کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قبائلی علاقوں میں تمام پروگرام عام آدمی کی بہتری کے لیے لائیں گے، سب سے پہلے قبائلی علاقوں کو ہیلتھ انشورنس دینی ہے، غریب گھرانے کی سب سے بڑی مشکل بیماری ہوتی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہیلتھ کارڈ ایسی انشورنس ہے جو غریب گھرانے کے لیے سب سے بڑی نعمت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کےخلاف جنگ میں قبائلی علاقوں میں بہت نقصان ہوا۔