چیئرمین متروکہ املاک کی تعیناتی کا عمل تیز کرنے کی ہدایت


وزیر اعظم عمران خان نے چیئرمین متروکہ املاک کی تعیناتی اور ٹاسک فورس کی تشکیل کا عمل تیز کرنے کی ہدایت کردی ہے۔

وزیرِاعظم عمران خان کی زیر صدارت اوقاف اور متروکہ املاک کی جائیداوں کو مفاد عامہ کے منصوبوں کیلئے استعمال کے حوالے سے اجلاس ہوا۔جس میں وزیرِ برائے مذہبی امور نور الحق قادری ، صوبائی وزیرِ اوقاف پنجاب سید سعید الحسن ، سیکریٹری مذہبی امور محمد مشتاق احمد و دیگر افسران شریک ہوئے۔

سیکرٹری مذہبی امور کی جانب سے وزیرِ اعظم کو ننکانہ صاحب میں 700مربع اراضی جس میں زرعی اراضی بھی شامل ہے واگذار کرانے پر پیش رفت، متروکہ املاک بورڈ کے چئیرمین کی تعیناتی ، متروکہ املاک کے حوالے سے ٹاسک فورس اور سکھ گردوارہ پرابندھک کمیٹی کے قیام پر اب تک کی پیش رفت سے متعلق بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں وزیراعظم کو بتایا گیا کہ محکمہ اوقاف پنجاب کے زیراہتمام چار سو پینتیس مساجد، پانچ سو چوالیس مزار اور اکہتر ہزار ایک سو ایک ایکڑ جائیداد ہے۔

صوبائی وزیرِ اوقاف پنجاب سید سعید الحسن نے وزیراعظم کو اٹھائے جانے والےاقدامات سے متعلق بریفنگ دی۔

اقدامات میں نئی ویب سائٹس کا اجراء، وضو کے پانی کا دوبارہ استعمال، خانقاہوں میں کیش باکسز (گلہ) کی ماڈرنائزیشن، مزاروں پر جوتے رکھنے کی فیس کو ختم کرنا، فیلڈ سٹاف کو مانیٹرنگ کے لئے جدید آلات کی فراہمی، مذہبی سیاحت کا فروغ وغیرہ جیسے اقدامات شامل ہیں۔

وزیراعظم نے مزاروں، خانقاہوں اور متروکہ عمارات کی مرمت اور دیکھ بھال پر آنے والے اخراجات کا اندازہ لگا کر بقیہ آمدنی کو رفاح عامہ کے لئے منصوبوں کے استعمال کے لئے جامع پروگرام تشکیل دینے  متروکہ املاک کو سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے صحت، تعلیم ، پناہ گاہوں اور پبلک ویلفیر کے مقاصد کے لئے برؤے کار لانے کے لئے بھی لائحہ عمل تشکیل دینے کی ہدایات جاری کی۔

وزیرِاعظم کو القادر یونیورسٹی برائے صوفی ازم و روحانی تعلیمات کے قیام پر بھی بریفنگ دی گئی۔

 


متعلقہ خبریں