ڈی آئی خان: فائرنگ سے چار پولیس اہلکار شہید، نماز جنازہ ادا


ڈی آئی خان: ڈیرہ اسماعیل خان میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے چار پولیس اہلکار شہید ہو گئے جن کی نماز جنازہ ادا کردی گئی ہے۔

نماز جنازہ میں وفاقی وزیر علی امین گنڈہ پور، آر پی او دار علی خٹک اور اسٹیشن کمانڈ عمران سرتاج کے علاوہ سرکاری افسران اور سول اہلکاروں نے شرکت کی ۔

اس موقع پر شہدا کو سلام پیش کیا گیا اور لاشوں پر پھول چڑھائے گئے۔ نماز جنازہ کے بعد آصف اور میرباز کی لاشوں کو اپنے آبائی علاقہ پنیالہ، سرفراز کی لاش کو مردان جبکہ جاوید کی لاش کو لونڈہ روانہ کر دیا گیا۔

فوٹو: جائے وقوعہ

ڈی ایس پی مہر علی نے ہم نیوز کو بتایا کہ پولیس پارٹی حسب معمول گشت پر تھی کہ تین موٹرسائیکلز پر 6 نامعلوم افراد سوار تھے جنہوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کردی۔

ڈی ایس پی مہر علی کے مطابق پولیس وین میں ایس ایچ او تھانہ پرووا سمیت پانچ پولیس اہلکار سوار تھے۔ واقعہ میں چار پولیس اہلکار شہید جبکہ ایس ایچ او تھانہ پرووا زخمی ہوئے ۔

ان کا کہنا تھا کہ مسلح افراد کی فائرنگ سے دو راہ گیر زخمی بھی ہوئے۔ دہشتگردوں نے ایک چنچگی رکشے پر گیس سلنڈرز اور دھماکہ خیز مواد بھی اپنے ساتھ رکھا ہوا تھا جسے بم ڈسپوزل اسکواڈ نے ناکارہ بنادیا۔

پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔

اس سے قبل 29 جنوری کو ڈی آئی خان میں ہی ملزمان کی فائرنگ سے سی ٹی ڈی اہلکار شہید ہو گیا تھا۔ سی ٹی ڈی اہلکار کامران عرف کامی کو ملزمان نے دفتر جاتے ہوئے نشانہ بنایا تھا اور گولی شہید اہلکار کے سر میں لگی تھی۔


متعلقہ خبریں