اسلام آباد: قومی احتساب بیورو(نیب) نے جعلی اکاؤنٹس کیس کی تحقیقات میں پیش رفت رپورٹ سپریم کورٹ آف پاکستان میں جمع کرادی ہے۔
نیب کی جانب سے سربمہر رپورٹ جمع کرائی گئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جے آئی ٹی نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ کیس کی تحقیقات کیلئے 4 مزید مشترکہ تحقیقاتی ٹیمیں بنادی گئی ہیں اور تحقیقات کیلئے سیکرٹریٹ بھی نیب کے پرانے دفتر میں قائم کردیا گیا ہے۔رپورٹ کے مطابق مشترکہ تحقیقاتی ٹیموں کی سربراہی ڈی جی نیب راولپنڈی عرفان منگی کررہے ہیں اور چیئرمین نیب تمام معاملے کی نگرانی خود کریں گے اور عدالتی فیصلے پر مکمل عملدرامد کیا جائے گا۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ جعلی اکاؤنٹس کیس کی تحقیقات کیلئے بنائی گئی ٹیمیں کراچی روانہ ہوگئی ہیں۔ نیب راولپنڈی سے محمد یونس خان اور محمد گل آفریدی سی آئی ٹی کی سربراہی کر رہے ہیں جب کہ ڈپٹی ڈائریکٹر محبوب عالم اور محسن علی راولپنڈی کی ٹیم کی سربراہی کر رہے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ چاروں ٹیمیں ایف بی آر، ایکسائز اور اسٹیٹ بینک سے ریکارڈ اکٹھا کریں گی اور انور مجید کی تمام ملز کے حوالے سے بھی ریکارڈ حاصل کیا جائے گا۔
ہم نیوز کو ملنے والی اطلاعات کے مطابق ریکارڈ کے بعد ملزمان کی طلبی کے نوٹس جاری کئے جائیں گے اور 1.32ارب روپے کِک بیکس کی رقم جعلی اکاؤنٹس میں منتقلی پر سرکاری افسروں سے بھی پوچھ گچھ ہو گی۔