اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ نواز کے رہنما اور سابق وزیر داخلہ احسن اقبال نے الزام عائدکیا ہے کہ حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) ہمارے منصوبوں کا کریڈٹ لے رہی ہے۔
اسلام آباد میں دیگر ن لیگی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے سہانے خواب دکھا کر عوام کو دھوکہ دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ افسوس ہے کہ چھ مہینے بعد نئی حکومت نئے پاکستان کی بجائے پرانے پاکستان کے راستے پر چل رہی ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے کارنامے کئے تاہم حکومت ڈھیٹائی کے ساتھ اس کا کریڈٹ لیتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نئی آٹو پالیسی کے معاہدے ہوئے جو نئی حکومت اپنے نام کر ری ہے، سیاحت بھی پچھلی دور حکومت پروان چڑھی۔
سابق وزیر داخلہ نے دعویٰ کیا کہ پاکستان تحریک انصاف کا حکومت میں آنا اس صدی کا سب سے بڑا مزاق ہے، ہماری پانچ سال کی محنت تباہ کردی جس کا دکھ ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی اور لوڈ شیڈنگ میں پچھلی دور حکومت میں کمی ہوئی، جی ڈی پی ہماری حکومت میں بہتر ہوئی جبکہ موجود حکومت میں جی ڈی پی کم ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک نے بہتر اقتصادیات پر رپورٹ بھی دی، ڈویلپمنٹ اور سی پیک کے پروجیکٹس سست روی کا شکار ہیں، 6 مہینوں میں مغربی روٹ مکمل کیا جائے۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ تیار پروجیکٹس کا افتتاح نہیں ہوپارہا ان سے، کرتار پور کو ننکانہ صاحب سے ملانے والا منصوبہ سست روی کا شکار ہے، قوم کو دھوکا دیا جا رہا ہے اور حکومت کوئی مثبت جواب نہیں دے رہی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم حکومت کے ساتھ مل کر عوام کی خدمت کرنا چاہتے ہیں تاہم حکومت کسی طرف آ گے نہیں بڑھ رہی۔