وفاقی حکومت کا نیشنل یوتھ پورٹل متعارف کرانے کا فیصلہ

فوٹو: فائل


اسلام آباد: وفاقی حکومت نے  نوجوانوں کے لیے اہم قدم اٹھاتے ہوئے نیشنل یوتھ پورٹل متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے جس میں نوجوان نوکریوں کے لیے درخواست دے سکیں گے۔

ہم نیوز کے مطابق اس ضمن میں یوتھ کونسل بھی تشکیل دی جائے گی جس میں چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کے حکام بھی شامل ہوں گے۔

واضح رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں وزیراعظم کے یوتھ پروگرام کے تحت ہنر مند افرادی قوت اورکاروباری افراد  کے درمیان رابطے کیلئے نیشنل جاب پورٹل اور ایک موبائل ایپلیکیشن کا آغاز کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی محمد عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ  نیشنل جاب پورٹل نوجوانوں کی ملازمتوں کیلئے ایک ڈیٹا بینک کے طور پر کام کرے گا۔

وزیر اعظم عمران خان نے اس سے قبل عوامی مسائل کے فوری اور موثر حل کے لیے 28 اکتوبر کو “وزیراعظم شکایات سیل” قائم کیا تھا۔ وزیر اعظم عمران خان نے حکومت کو موثر انداز میں چلانے کے لیے شہریوں کو شکایات پورٹل استعمال کرنے کی ہدایات کی تھیں۔

گزشتہ ماہ بھی وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے نیا پاکستان یوتھ پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا جس کے تحت نوجوانوں کو مکمل بااختیار بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا تھا۔


متعلقہ خبریں